امن مذاکرات کے مخالفین ملک میں بدامنی کی آگ لگانا اورفوج کو نئی مشکل سے دوچار کرنا چاہتے ہیں،سراج الحق،تمام مسائل کا حل ملک میں خلافت کا نظام ہے ، اسی مقصد کیلئے جماعت اسلامی روز اول سے جدوجہد کررہی ہے،جلسہ عام سے خطاب

اتوار 16 فروری 2014 20:52

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16 فروری ۔2014ء) نائب امیرجماعت اسلامی پاکستان اور کے پی کے حکومت کے سینئر وزیر سراج الحق نے کہا ہے کہ امن مذاکرات کے مخالفین پورے ملک میں بدامنی کی آگ لگانا اورفوج کو نئی مشکل سے دوچار کرنا چاہتے ہیں،تمام مسائل کا حل ملک میں خلافت کا نظام ہے ،جس میں ملک میں امن اور عوام کو عدل واصاف مل سکتا ہے۔ اسی مقصد کیلئے جماعت اسلامی روز اول سے جدوجہد کررہی ہے۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے آج جماعت اسلامی سندھ کی منصوبہ کمیٹی کے اجلاس اور جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے تحت اولڈ سٹی ایریا میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹرمعراج الہدیٰ صدیقی، نائب امیر راشدنسیم، جنرل سیکریٹری ممتاز حسین سہتو ودیگررہنماء بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

سراج الحق نے مزید کہا کہ قبائلی علاقہ جات میں بدامنی کی آگ سابقہ حکومت کی غلط وعوام دشمن پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔

وزیراعظم نواز شریف کاآج امتحان ہے کہ وہ قیام امن کیلئے نام نہاد جنگ سے علیحدگی کا اعلان اور خارجہ پالیسی کو ملک وقوم کے مفاد کے مطابق ترتیب دیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت مٹھی بھر جاگیردار وسرمایہ دارطبقے نے ملک وجمہورت کویرغمال بنایا ہوا ہے۔پانچ فیصد لوگوں نے اپنے سرمائے کے بل بوتے پرسیاست کو یرغمال ادارے تباہ، معیشت کا پہیہ جام اور لوگوں کی زندگی اجیرن بناکر رکھ دی ہے۔

ایک منصوبہ بندی کے تحت سودی نظام اور سرمایہ دارانہ نظام معیشت کے ذریعے کرپشن اورملک وقوم کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے شکنجے میں پھنسایاجارہا ہے۔نجات کا واحد حل ملک میں نظام خلافت راشدہ کانفاذ ہے جس میں لوگوں کوغربت وبدامنی سے نجات امن، سکھ وچین اورپائدارامن فراہم ہوگا۔ جماعت اسلامی ملک میں صالح معاشرہ کے قیام اورعدل کے نظام کیلئے بھرپور جدوجہد کررہی ہے۔ جس کیلئے عوام کو جماعت ا سلامی کا ساتھ دینا ہوگا۔