رواں مالی سال کے دوران مفت تعلیم کے مختلف منصوبوں پر ساڑھے 7ارب روپے خرچ ہونگے ‘ راجہ انور،ہر مستحق بچے تک تعلیم پہنچانے کے لئے سرگرم ہیں‘چیئرمین ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی ملاقات کیلئے آنیوالے وفد سے گفتگو

اتوار 16 فروری 2014 15:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16 فروری ۔2014ء) چیئرمین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن راجہ انور نے کہا ہے کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے اور پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن ہر مستحق بچے تک یہ حق بلا امتیاز پہنچانے کے لئے سرگرم ہے ، فاؤنڈیشن نے نجی شعبہ کے اشتراک سے مختلف تعلیمی ماڈل تشکیل دیئے ہیں جن سے مستحق اور بے وسیلہ گھرانوں سے تعلق رکھنے والے بچوں کی تعلیم تک رسائی ممکن ہوئی ہے،ان تعلیمی ماڈلز کی بدولت گرلز ایجوکیشن بھی عام ہوئی ہے ۔

(جاری ہے)

اپنی رہائش گاہ پر مختلف پارٹنر سکولوں کے مالکان کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کا تعلیمی وژن مستحق بچوں کی تعلیمی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے - اس وژن کے تحت لاکھوں مستحق بچوں اور بچیوں کو ان کے گھروں کے نزدیک مفت تعلیم کے ساتھ ساتھ نصابی کتب بھی مہیا کی گئی ہیں - انہوں نے بتایا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن رواں مالی سال کے دوران مفت تعلیم کے مختلف منصوبوں پر ساڑھے سات ارب روپے خرچ کر رہی ہے - انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے سکولوں کی کمی کا شکار پسماندہ اور دور دراز علاقو ں میں نیوسکول پروگرام کے ذریعے بچوں پر تعلیم کے دروازے کھولے ہیں جبکہ غربت کے منحوس چکر میں جکڑے گھرانوں کے بچوں کو اپنی پسند کے سکولوں میں تعلیم کے لئے ووچرز جاری کئے گئے ہیں -پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن اپنے پارٹنرسکولوں میں معیار تعلیم برقرار رکھنے کے لئے سالانہ بنیادوں پر کوالٹی ایشورنس ٹیسٹ کا انعقاد بھی کرتی ہے تا کہ طالب علموں کو خوشگوار ماحول میں معیاری تعلیم کی فراہمی برقرار رہے- انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے نجی شعبے کے سکولوں کا مجموعی معیار بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے - نجی سکولوں کے اساتذہ کی کیپسٹی بلڈنگ کے علاوہ سکول مالکان و پرنسپل حضرات کو مختلف انتظامی امور میں تربیت بھی دی جاتی ہے - اسی طرح سبجیکٹ بیسڈ سپورٹ پروگرام کے ذریعے مختلف اضلاع میں پارٹنر سکولوں کو ریاضی ، انگریزی، فزکس ، کیمسٹری اور بیالوجی کے مضامین میں جدید تدریس دینے کے سبجیکٹ سپیشلسٹ بھی دیئے گئے ہیں -

متعلقہ عنوان :