جیکب آباد: ریلوے ٹریک پر دھماکے سے خوشحال خان ایکسپریس کی 3 بوگیاں اتر گئیں، 4 بچوں سمیت 8 افراد مسافر جاں بحق

اتوار 16 فروری 2014 14:01

جیکب آباد: ریلوے ٹریک پر دھماکے سے خوشحال خان ایکسپریس کی 3 بوگیاں اتر ..

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16فروری۔2014ء) ٹھل ریلوے اسٹیشن کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکے سے خوشحال خان خٹک ایکسپریس کی 3 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں جبکہ ایک ہی خاندان کے 4 بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔نجی ٹی وی کے مطابق خوشحال خان خٹک ایکسپریس کراچی سے پشاور جا رہی تھی کہ سندھ اور بلوچستان کے سرحدی علاقے جیکب آباد میں ٹھل ریلوے اسٹیشن کے قریب پٹری پر دھماکہ ہو گیا جس کے نتیجے میں ٹرین کی 3 بوگیاں پٹری سے نیچے اتر گئیں جبکہ ایک ہی خانداد کے 4 بچوں سمیت 8 مسافر جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہو گئے، امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے زخمیوں کو ٹھل اور تنگوانی کے اسپتالوں میں منتقل کر دیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکہ خیز مواد پٹری پر نصب کیا گیا تھا جیسے ہی ٹرین قریب پہنچی تو ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کی مدد سے دھماکہ کر دیا گیا تاہم مکمل تحقیقات کے بعد ہی کوئی حتمی بیان جاری کیا جا سکے گا۔

(جاری ہے)

وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ریلوے ٹریک پر دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ریلوے حکام کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے اور مسافروں کے لئے فوری طور پر متبادل ٹرین کا بندو بست کرنے کا حکم دیا ہے۔ خواجہ سعد رفیق نے ڈی جی ریلوے سے واقعے کی رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔

متعلقہ عنوان :