پاکستان نے دنیا کا سب سے بڑا انسانی پرچم بنا کر عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ، نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں29,040 افراد نے قومی پرچم بنایا، گنیز ورلڈ ریکارڈ کے نمائندے لیووگر نے ریکارڈ کا اعلان کیا ،دوسرا عالمی ریکارڈ 19 فروری کو پنجاب یونیورسٹی میں ڈیڑھ لاکھ افراد قومی پرچم لہر اتے ہوئے قومی ترانہ پڑھ کر قائم کریں گے ۔ تفصیلی خبر

ہفتہ 15 فروری 2014 22:49

پاکستان نے دنیا کا سب سے بڑا انسانی پرچم بنا کر عالمی ریکارڈ قائم کر ..

لاہو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15 فروری ۔2014ء) صوبائی دارالحکومت میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری بھی نوجوانوں کے حوصلے پست نہ کر سکی،پاکستانی طالب علموں نے دنیا کا سب سے بڑا انسانی پرچم بنانے کا گینز ریکارڈ دوبارہ اپنے نام کرلیا۔ نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں 29,040 افراد نے مثالی نظم و ضبط اور جوش و جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلہ دیش سے اپنا اعزاز واپس لے لیا۔

اس بات کا اعلان گنیز کے نمائندے لیووگر نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں کیا۔ اس موقع پر لیووگر کاکہنا تھا کہ اپنی زندگی میں دنیا بھر کے متعدد ممالک میں جا کر گینئز ریکارڈ بنتے اپنی آنکھوں سے دیکھے ہیں لیکن پاکستانی نوجوانوں نے جس ڈسپلن اور صبر کا مظاہرہ کیا اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔پاکستان نے گزشتہ برس یوتھ فیسٹیول کے دوران دنیا کا سب سے بڑا انسانی پرچم بناکرگنیز بک میں اپنا نام درج کرایا تھا جسے بنگلہ دیش نے 27,117لو گوں کیساتھ توڑا۔

(جاری ہے)

ہفتے کے روز خراب موسم کے باعث ایک موقع پر ایسا محسوس ہورہا تھا کہ شاید یہ ریکارڈ ملتوی ہوجائے لیکن طلباء اور انتظامیہ نے ثابت قدمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناموافق حالات کو شکست دے کر پاکستان کوایک مرتبہ پھر سب سے بڑے قومی انسانی پرچم کا اعزازواپس دلوا دیا۔ عالمی ریکارڈ کے دوران صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان، ڈائریکٹر جنرل پنجاب سپورٹس بورڈ پنجاب عثمان انور سمیت آرگنائزرز فلک شگاف قومی نعروں سے نوجوانوں کے جذبہ حب الوطنی کو گرماتے رہے اور انہیں قومی مقصد کے لئے ثابت قدم رہنے کی تلقین کرتے رہے۔

رواں برس عالمی ریکارڈ بنانے کا یہ پہلا مظاہرہ تھا جس میں پاکستانی طالب علم سرخرو رہے۔دوسرا عالمی ریکارڈ 19فروری کو پنجاب یونیورسٹی میں شیڈول ہے جس میں بیک وقت ڈیڑھ لاکھ افراد قومی ترانہ پڑھ کر سبز ہلالی پرچم لہرائیں گے، اس سے قبل گزشتہ یوتھ فیسٹیول میں 42ہزار سے زائدپاکستانی نوجوانوں نے قومی ترانہ پڑھ کرعالمی ریکارڈ قائم کیا تھا جو بھارت نے گزشتہ برس 1,21,653افراد کی مدد سے عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا ۔

19فروری کو ہی پنجاب یونیورسٹی نیوکیمپس میں سب سے زیادہ افراد قومی پرچم لہرانے کا بھی عالمی ریکارڈ قائم کرینگے۔ یہ ریکارڈ اس وقت سپین کے پاس ہے جس میں 30ہزار افرادنے سپین کا پرچم ایک ساتھ لہرا کر عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا جبکہ پاکستان ڈیڑھ لاکھ افراد کی مدد سے یہ ریکارڈ اپنے نام کرنے کیلئے پرعزم ہے۔