مسلح دہشتگردی پر قابو پانے کیلئے معاشی دہشتگردی کا خاتمہ ضروری ہے ‘ سراج الحق ،امریکہ کے گن گانے والوں کو سمجھ لیناچاہیے امریکہ اور اس کے اتحادیوں کو افغانستان میں ذلت آمیز شکست ہوئی ہے، نائب امیر جماعت اسلامی

ہفتہ 15 فروری 2014 22:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15 فروری ۔2014ء) سینئر صوبائی وزیر صوبہ خیبر پختونخوا اور نائب امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہاہے کہ ویلنٹائن ڈے پر سرکاری سرپرستی میں غل غباڑہ کرنا اور بے حیائی کو فروغ دیناافسوسناک ہے ، پاکستان کے نوجوانوں نے ویلنٹائن ڈے کی بجائے یوم حیا منا کر اسلام سے گہری وابستگی کا ثبوت دیا ہے ، نوجوان اس امت کا مستقبل ہیں ان کی اخلاقی تربیت کے بجائے مخرب اخلاق سرگرمیوں کا پرچار افسوسناک ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں جماعت اسلامی کی مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

سراج الحق نے کہا کہ مغرب کے ذہنی غلام پاکستان کی اسلامی شناخت ختم کرنا چاہتے ہیں۔ امریکہ کے گن گانے والوں کو سمجھ لیناچاہیے کہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں کو افغانستان میں ذلت آمیز شکست ہوئی ہے ۔امریکہ اسلحہ کے زور پر دنیا پر اپنا تسلط قائم نہیں رکھ سکتا۔ انہوں نے کہاکہ مسلح دہشتگردی پر قابو پانے کے لیے معاشی دہشتگردی کا خاتمہ ضروری ہے ۔ معاشی و سیاسی دہشت گردوں نے معاشرے کو یرغمال بنا رکھا ہے ۔ سراج الحق نے کہاکہ آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر چلنے والے حکمرانوں کے پاس مسائل کا کوئی حل نہیں ہے ،دیانتدار اور نڈر قیادت ہی ملک و قوم کو بحرانوں سے نکال سکتی ہے۔