عالمی برادری پاکستانی معیشت کو استحکام دے کر دنیا کے امن کے لیے اسکی قربانیوں کو سراہے ‘ گورنر پنجاب ،دنیا میں پائیدار امن کے قیام کے لیے خطے میں امن ناگزیر ہے ،پاکستان اس مقصد کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہیگا‘ چوہدری محمد سرور

جمعہ 14 فروری 2014 20:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14 فروری ۔2014ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ دنیا میں پائیدار امن کے قیام کے لیے خطے میں امن ناگزیر ہے اور پاکستان اس مقصد کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا،پاکستان کی معیشت میں تیزی سے بہتری آ رہی ہے جس کے باعث غیر ملکی سرمایہ کار یہاں سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں ناروے کی سفیرسیلی لینڈسورک سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دنیا کے امن کے لیے قابل قدر قربانیاں دی ہیں جسے عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے تا ہم پاکستان کے اس کردار کو تسلیم کرنے کا بہترین طریقہ اس کی معیشت کے استحکام سے ہے جس کے لئے عالمی برادری کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ناروے اور پاکستان کے درمیان تجارت کا حجم ناکافی ہے جس میں اضافے کیلئے دونوں ملکوں کے درمیان تاجروں کے وفود کے تبادلے کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کے ناروے کیلئے پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع ہیں اور پاکستان حکومت انہیں اس مقصدکے لیے تمام ضروری سہولیات فراہم کرے گی ۔ ناروے کی سفیر نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھنا ہے اور مختلف شعبے میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے۔ دریں اثناء، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے لاہور میں صدیق ٹریڈ سینٹر کی نو منتخب باڈی کے ارکان نے ایک تقریب کے دوران گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے اپنے عہدوں کا حلف لیا۔

اس موقع پر گورنر پنجاب نے کہا کہ معاشی ترقی کے اہداف حاصل کرنے کے لئے تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں کا فروغ ناگزیر ہے یہی وجہ ہے کہ موجودہ حکومت موٴثر حکمت عملی کے تحت ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے متحد ہو کر آگے بڑھنا ہوگا۔گورنر نے کہا کہ تاجر برادری کو سہولتیں فراہم کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے کیونکہ انہیں کی بدولت آج ملکی معیشت میں بہتری ہو رہی ہے۔ اس موقع پر وفد نے گورنر پنجاب کو انہیں درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ گورنر نے وفد کو یقین دلایا کے ان کے مسائل کے حل کے لئے حکومت ہر ممکن اقدامات کو بروئے کار لائے گی۔

متعلقہ عنوان :