Live Updates

پاکستان اور بھارت کو معاشی ،تجارتی،صنعتی،زرعی اور اقتصادی میدان میں آگے بڑھنا ہے ،وفود کے تبادلے انتہائی ضروری ہیں‘ وزیر اعلیٰ پنجاب،جنگوں نے تباہی اور بربادی کے سوا کچھ نہیں دیا،دونوں ممالک کو تاریخ سے سبق حاصل کر کے مستقبل کی طرف دیکھنے کی ضرورت ہے ‘وزیراعلیٰ شہبازشریف،شہبازشریف نے انفراسٹرکچر کو بہت بہتر کیا ،میٹروبس جیسا منصوبہ بنا کر سب کو حیران کردیا‘بھارتی ہائی کمشنر،شہباز شریف سے فیڈریشن آف انڈین چیمبر آف کامر س اینڈ انڈسٹری کے وفد کی ملاقات،تجارتی و معاشی تعلقات پر بات چیت

جمعہ 14 فروری 2014 20:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14 فروری ۔2014ء) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کو معاشی ،تجارتی،صنعتی،زرعی اور اقتصادی میدان میں آگے بڑھنا ہے ۔دونوں ملکوں کے مابین دو طرفہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔وزیراعظم نواز شریف بھی بھارت کے ساتھ بہتر تعلقات کے خواہشمند ہیں۔تجارتی وفود کے تبادلوں سے اقتصادی و معاشی روابط کو بہتر بنایا جاسکتا ہے ۔

یہ بات انہوں نے یہاں فیڈریشن آف انڈین چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اعلی سطح کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔بھارتی وفد میں ایف آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر جیوٹسانہ سوری ،صدر سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری وکرم جیت سنگھ اوردیگر عہدیداران شامل تھے ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان، انڈین ہائی کمشنرڈاکٹر ٹی سی اے راگھوان ، ڈپٹی ہائی کمشنر گوپال باگلے، قونصلر انڈین ہائی کمشنر راجیش کمار اگنی ہوتری،صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد، صوبائی وزیر صنعت محمد شفیق، وفاقی سیکرٹری تجارت کے علاوہ اعلیٰ وفاقی و صوبائی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے بھارتی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اوربھارت کو خطے کی ترقی و خوشحالی اور پائیدار امن کے لیے اپنے تمام تنازعات مل بیٹھ کر مخلصانہ بات چیت کے ذریعے طے کرنے چاہئیں۔جنگوں نے دونوں ممالک کو تباہی اوربربادی کے سوا کچھ نہیں دیا۔جنگوں سے دونوں ممالک کے لوگوں کی مشکلات اور مصائب میں اضافہ ہوا۔غربت اور بے روزگاری کے مسائل پیدا ہوئے ۔

تاریخ سے سبق حاصل کر کے پاکستان اور بھارت کو مستقبل کی طرف دیکھنے کی ضرورت ہے ۔پاکستان میں بھارتی ہائی کمشنرڈاکٹر ٹی سی اے راگھوان نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تجارت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔پنجاب میں سیاحت کی صنعت کے فروغ کے بڑے مواقع موجود ہیں ۔شہباز شریف نے لاہور میں بہترین انفراسٹرکچرفراہم کیا ہے اور میٹروبس جیسا منصوبہ بنا کر سب کو حیران کردیا ہے۔

سینئر نائب صدر ایف آئی سی سی آئی ڈاکٹر جیوٹسانہ سوری نے کہا کہ تجارت سماجی و اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنا سکتی ہے ۔پاکستانی بزنس مین بھارت کی بڑی مارکیٹ سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا کہ پاک بھارت تجارتی تعلقات میں اضافے کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہے ہیں۔لاہور میں میڈان انڈیا نمائش کا انعقاد کیا گیا ہے ۔بھارتی وفد کے اراکین اور شرکاء نے دوطرفہ تجارتی و معاشی تعلقات کو فروغ دینے کے حوالے سے تجاویز دیں۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات