پنجاب یوتھ فیسٹیول ، دنیا کا سب سے بڑا انسانی پرچم بنانے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں ،فائنل ریہرسل نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ہوئی ،ہزاروں بچوں نے حصہ لیا ، رانا مشہود نے انتظامات کا جائزہ لیا،19فروری کو ڈیڑھ لاکھ افراد قومی ترانہ پڑھ کر بھارت کا ریکارڈ توڑ دینگے‘ رانا مشہود احمد خاں ،دنیا پاکستان کو منفی انداز میں یاد کرنے کی بجائے ہمارے بنائے گئے ریکارڈ توڑنے کی کوشش کر رہی ہے‘ وزیرکھیل کی پریس کانفرنس،پاکستان آ کر میرا ذہن بالکل تبدیل ہو گیا ہے، یہاں کے لوگ بہت مہمان نواز ہیں‘ لیووگر، مس انٹولیا نمائندہ گنیز کی گفتگو

جمعہ 14 فروری 2014 19:56

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14 فروری ۔2014ء) نیشنل ہاکی سٹیدیم میں دنیا کا سب سے بڑا انسانی پرچم بنانے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ۔ اس سلسلہ میں فائنل ریہرسل کی گئی جس میں ہزاروں کی تعداد میں بچوں نے حصہ لیا۔ اس موقع پر شرکاء کو حتمی ہدایات جاری کی گئیں ۔صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد ، ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انورنے گینز کے نمائندوں کے ہمراہ نیشنل ہاکی سٹیڈیم کا دورہ کیا اورتاریخی ایونٹ کیلئے انتظامات کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر ایونٹ کے شرکاء میں زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آیا اور انہوں نے پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے لیے پنجاب یوتھ فیسٹیول کے تحت دنیا کا سب سے بڑا انسانی پر پرچم 15فروری کو بنایا جائے گا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود کا کہنا تھا کہ ایونٹ کے لئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ہمیں صرف قوم کی دعاؤں کی ضرورت ہے موسم ساز گار رہا تو پاکستان یہ ریکارڈ دوبارہ اپنے نام کرلے گا۔

ادھر صوبائی وزیر کھیل و تعلیم رانا مشہود احمد نے کہا ہے کہ دنیا کے سب سے بڑے انسانی پرچم کا عالمی ریکارڈ 15فروری کو نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں 29,040 افراد کے ساتھ توڑا جائے گا جس کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، اسی دن یوتھ فیسٹیول میں 100 عالمی ریکارڈ پاکستان کے نام کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور، طحیانون اور گینزکے نمائندوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا مشہود احمد نے کہا کہ نوجوانوں کو صحت مندانہ سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے کا پنجاب حکومت کا ویژن یوتھ فیسٹیول کی صورت میں دنیا میں ایک حقیقت بن چکا ہے قومی پرچم کے بعد 19 فروری کو ڈیڑھ لاکھ افراد ایک ساتھ قومی ترانہ پڑھ کر بھارت کاقائم کردہ ریکارڈ بھی توڑ دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی ریکارڈ بنانے کے لیے بچے اور بچیوں نے جس طرح کا جوش و خروش دکھایا ہے اس پر مجھے فخر ہے آج دنیا پاکستان کو منفی انداز میں یاد کرنے کی بجائے ہمارے بنائے گئے ریکاڈز توڑنے کی کوشش کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ یوتھ فیسٹیول میں تیسرے مرحلے تک شرکا ء کی تعداد 40 لاکھ سے تجاوز کر گئی تھی ایونٹ کے اختتام تک اس میں مزید اضافہ ہوجائے گا۔

یوتھ فیسٹیول سے ملک بھر میں سپورٹس کلچر فروغ پا رہا ہے اور دنیا بھرسے لوگ اس میں شرکت کیلئے آرہے ہیں یہ فیسٹیول پاکستان میں ایشین گیمز اوراولمپک گیمز جیسے بڑے ایونٹس کے انعقاد کے لئے پلیٹ فارم مہیا کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ایونٹس بچوں کے کردار میں پختگی اور صلاحیتوں میں اضافے کا باعث بنتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ یوتھ فیسٹیول کے لئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں اور اس حوالہ سے جو خامیاں سامنے آئی تھیں انہیں نشاندہی کے بعد دور کر لیا گیا ہے۔

رانا مشہود نے کہا کہ نیشنل یوتھ فیسٹیول کا انعقاد وفاقی حکومت کا مینڈیٹ ہے جو اس پر کام کررہی ہے اس حوالہ سے پنجاب اپنا کردار بھرپور طریقے سے اداکرے گا۔ اس موقع پر گنیئز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے نمائندے لیو وگر کا کہنا تھا کہ میں 46 ممالک کا دورہ کر چکا ہوں لیکن جو مہمان نوازی پاکستان کے دورہ پر ملی ہے وہ کسی اور ملک میں نہیں مل سکی ہے۔

یہاں آنے سے قبل پاکستان کے بارے میں میرے خیالات کچھ اور تھے لیکن یہاں آ کر میرا ذہن بالکل تبدیل ہو گیا ہے۔ گینز کی خاتون نما ئندہ مس انٹولیا کا کہنا تھا کہ پاکستان آنے سے قبل میرا بھی یہاں کے لوگوں کے بارے میں خیال مختلف تھا تاہم مجھے یہاں کا کلچر انتہائی پسند آیا ہے، خواتین کو مکمل آزادی حاصل ہے جبکہ پاکستانی بڑے مہمان نواز ہیں۔