کراچی ،سی آئی ڈی پولیس کی کارروائی ،القاعدہ سے تعلق رکھنے والے 3دہشت گرد گرفتار ،ملزمان آئی ای ڈی ڈیوائس بنانے کے ماہر اور ویب سائٹ پر جاکر دہشت گردی کی کارروائیوں کی ویڈیوز اپ لوڈ کرتے تھے ،ایس پی راجہ عمر

جمعہ 14 فروری 2014 19:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14 فروری ۔2014ء) سی آئی ڈی پولیس نے کراچی کے مختلف علاقوں کارروائی کرتے ہوئے القاعدہ سے تعلق رکھنے والے 3دہشت گردوں کو گرفتار کرکے اسلحہ، پیغام رسانی کے مختلف آلات اور جہادی لٹریچر برآمد کرلیا ہے ۔ملزمان آئی ای ڈی ڈیوائس بنانے کے ماہر اور ویب سائٹ پر جاکر دہشت گردی کی کارروائیوں کی ویڈیوز اور پیغامات کو اپ لوڈ کرتے تھے ۔

تفصیلات کے مطابق سی آئی ڈی کااوٴنٹر ٹیررزم سیل کے انچارج راجہ عمر خطاب نے ایڈیشنل آئی جی کی سربراہی میں خفیہ اطلاع پر شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے القاعدہ کے 3دہشت گردوں جنید عالم عرف اسد ،ارمان نوید عرف شعیب خان اور حسان شجاع عرف عامر کو گرفتار کرلیا ہے ۔ملزمان کی نشاندہی پر گلشن اقبال میں واقع گھر سے لاکھوں کے حساب سے آئی ای ڈی ڈیوائس کی تیاری میں استعمال ہونے والا سامان،تیار آئی ڈی ای ڈی ڈیوائس ،موبائل فون سرکٹ اور جہادی لٹریچر برآمد کرلیا ۔

(جاری ہے)

تیار موبائل فون سرکٹ دنیا کے محفوظ ترین موبائل سرکٹ ہیں ،جس سے باآسانی دھماکے کیے جاسکتے ہیں ۔انچارج کاوٴنٹرٹیرررزم سیل سی آئی ڈی راجہ عمر خطاب نے جمعہ کو سی آئی ڈی سول لائنز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ملزمان انتہائی خفیہ اور منظم انداز میں مختلف ناموں اور طریقو ں سے دہشت گردی کی کارروائیاں کررہے تھے ۔انہوں نے چھوٹے چھوٹے سیل قائم کررکھے ہیں ۔

ملزمان کا ہدف پوش علاقوں میں رہنے والے اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان ہیں ،جو خصوصاً آئی ٹی کی تعلیم حاصل کررہے ہیں ۔ملزمان ان نوجوانوں کو اپنے نیٹ ورک میں شامل کرکے آہستہ آہستہ ان کی صلاحیت کے مطابق کام سونپتے ہیں ۔راجہ عمر خطاب نے بتایا کہ ملزمان نے مختلف ناموں سے ای میل ایڈریسز بنائے ہوئے ہیں ۔ان نوجوانوں کی سرگرمیوں سے ان کے گھر والے بھی بے خبر رہتے ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ ملزمان بارود بنانے کے ماہر ہیں۔ یہ گروپ کے عسکری ونگ نے بوہریوں ،سیاسی جماعت کے دفاتر اور پولیس اہلکاروں سمیت مساجد پر بم دھماکوں میں ملوث ہیں ۔ملزمان نے شبیر بوہری کو حٰیدری ،سیاسی جماعت کے کارکن شیراز اظفر کو پیالہ ہوٹل ،ڈاکٹر عبدالمالک پراچہ کوحیدری ،2013میں پیالہ ہوٹل پر پولیس موبائل پر حملہ کرکے دو جوانوں ،مصطفی ماروی کو ناگن چورنگی ،ایس آئی نذیر احمد خاصخیلی کو شاہ فیصل کالونی ،ایس آئی عدیل خان اور اس کے بھائی عاطف خان کو گلستان جوہر ،فرحان اپارٹمنٹ پر علامہ مرزا یوسف حسین کے اسکواڈ پر حملہ کرکے 2پولیس اہلکاروں کوٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا ۔

جبکہ ملزمان برنس میں سیاسی جماعت کے دفتر کے باہر بم دھماکے اور لانڈھی میں پان کی دکان کے باہر بم دھماکوں میں بھی ملوث ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ اس تنظیم کے عسکری ونگ کا کراچی کا سربراہ نوید عرف انکل جبکہ دیگر ملزمان میں عباس ،گلزار ،حفیظ عرف علی شامل ہیں ۔اسی گروپ کا ٹیکنیکل ونگ کا سربراہ ایک پرائیویٹ یونیورسٹی کا اسپورٹس ٹیچر حسن مسعود فریدی ہے اور دعوتی ونگ کا سربراہ استاد احمد فاروق وزیرستانی ہے ۔

جبکہ اس گروپ کے ایک معیدالاسلام نے رینجرز کے آپریشن کے دوران اپنی گرفتاری سے بچنے کے لیے خود ہینڈگرنیڈ پھاڑ کر ہلاک کرلیا تھا ۔انہوں نے بتایا کہ اس تنظیم کے میڈیا گروپ کا نام اصحاب ہے ،جو کراچی یونیورسٹی میں لٹریچر اور سی ڈیز کی تقسیم بھی کرتا ہے اور تمام افراد منظم ،خطرناک اور اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں ۔

متعلقہ عنوان :