صوبے میں صنعتی انقلاب لانے کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہے ہیں،پرویزخٹک،صوبے میں اہم تجارتی مقامات پر چار نئے صنعتی زون قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،سرمایہ کاری کو پرکشش بنانے کیلئے صنعتوں کو سستی بجلی کی فراہمی اور تمام انڈسٹریل زونز کو نجی شعبے کے حوالے کرنے کے علاوہ دیگر کئی پالیسی اقدامات بھی شامل ہیں ، وزیراعلیٰ خیبر پختون خوا کی وفد سے گفتگو

جمعہ 14 فروری 2014 19:24

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14 فروری ۔2014ء) خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صوبے میں صنعتی انقلاب لانے کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے جن میں صوبے کے اندر سرمایہ کاری کو پرکشش بنانے کیلئے صنعتوں کو سستی بجلی کی فراہمی اور تمام انڈسٹریل زونز کو نجی شعبے کے حوالے کرنے کے علاوہ دیگر کئی پالیسی اقدامات بھی شامل ہیں صوبے میں اہم تجارتی مقامات پر چار نئے صنعتی زون قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے جبکہ آئل ریفائنری کے قیام پر بھی نمایاں پیشرفت ہو ئی ہے اور اس کی بدولت ہمارے بیروز گار نوجوانوں کیلئے روزگار کے لاکھوں براہ راست اور بالواسطہ وسیلے پیدا ہوں گے اسی طرح ہماری حکومت نئی صنعتیں لگانے کے خواہش مند صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کو پرکشش مراعات کے ساتھ ساتھ اُنہیں درکار تمام سہولیات اور گارنٹیاں دے گی تاکہ صنعتوں کو فروغ دے کر نہ صرف صوبے کی تباہ حال معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کیا جا سکے بلکہ یہاں کے لوگوں بالخصوص نوجوانوں کو کاروبار اور ترقی کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کئے جا سکیں صنعتوں کی ترقی کیلئے فنی تعلیم کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت سرکاری فنی تعلیمی اداروں میں دی جانے والی تعلیم و تربیت کو جدید سائنسی خطو ط پر استوار کرنے اور اسے ہر علاقے کی مقامی صنعتوں کی ضروریات اور عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے پر بھی سنجیدگی سے کام کر رہی ہے ان خیالات کااظہار اُنہوں نے انڈسٹریل اسٹیٹس ایسوسی ایشن، فرنٹیئر فاؤنڈری پرائیوٹ لمٹیڈ کے چیئرمین اور ممتاز صنعتکار نعمان وزیر کی زیر قیادت ایک وفد سے گفتگو کے دوران کیا جس نے سی ایم سیکرٹریٹ پشاور میں اُن سے ملاقات کی اور صوبے میں صنعتوں کی ترقی ، توانائی کے بحران اور فنی تعلیم سے متعلق معاملات کے علاوہ باہمی دلچسپی کے دیگر اُمور پر تبادلہ خیال کیا اور صوبے کی انڈسٹریل اسٹیٹس، چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز اور سرکاری شعبے کے باہمی اشتراک سے سرمایہ کاری کے فروغ پر بعض تجاویز پیش کی صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی ، وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے اقتصادی امور رفاقت الله بابر، وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ شکایات سیل کے چیئرمین دلروز خان اور ممبر صوبائی اسمبلی جاوید نسیم بھی اس موقع پر موجود تھے نعمان وزیر نے فرانٹیر فاؤنڈری پرائیوٹ لمٹیڈ کی طرف سے حطار انڈسٹریل اسٹیٹ میں جدید طرز کے اسٹیل ملز کے قیام کے فیصلے سے انہیں آگاہ کیا نعمان وزیر نے بتایا کہ جدید طرز کے اس اسٹیل ملز کی پیداواری استعداد ساڑھے چھ لاکھ میٹرک ٹن سالانہ ہو گی جو سات ارب روپے کی سرمایہ کاری سے لگائی جائے گی اور اسکی بدولت لوہے کی مصنوعات کی مقامی سطح پر تکمیل کے علاوہ ساڑھے تین ہزار افراد کو روزگار کے اضافی مواقع میسر آئیں گے نعمان وزیر نے نجی صنعتوں میں سرکاری فنی تعلیمی اداروں سے فارغ التحصیل طلباء اور دیگر بے روزگار نوجوانوں کو مختلف کیٹگریز کی مفت عملی تربیت فراہم کرنے کی پیشکش کی اُنہوں نے صوبے کے انڈسٹریل اسٹیٹس کو سستی بجلی فراہم کرنے کے پروگرام کے ضمن میں کوئلے کے دستیاب ذخائر سے تھرمل بجلی گھر بنانے کیلئے نجی شعبے کی طرف سے سرمایہ کاری کی پیش کش بھی کی جس کا خیر مقدم کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس سلسلے میں باضابطہ پروپوزل بھیجا جائے تاکہ اس پر عملی پیش رفت کی جا سکے اُنہوں نے صوبے میں صنعتوں کی بحالی وترقی ، توانائی کے بحران پر قابو پانے اور صوبے کی معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے سلسلے میں نجی شعبے اور صوبائی حکومت کے مابین اشتراک عمل کو فروغ دینے کیلئے متعلقہ محکموں کے حکام اور صوبے کے تمام چیمبرز آف کامرس، صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کا ایک مشترکہ اجلاس بلانے کی بھی ہدایت کی پرویز خٹک نے کہا ککہ صوبائی حکومت نے ون ونڈو آپریشن کے تحت ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو تمام مطلوبہ سہولیات کی فراہمی کے علاوہ گھریلو اور صنعتی بجلی کی ضروریات علاقائی سطح پر الگ الگ پوری کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور محکمہ توانائی نے اس مقصد کیلئے جامع پلان پر کام شروع کر دیا ہے جس کے تحت شمالی اضلاع میں پن بجلی جبکہ جنوبی اضلاحی میں تھرمل بجلی گھروں اور دیگر دستیاب وسائل سے بجلی پیدا کرکے گھریلو اور صنعتی توانائی کی ضروریات مقامی سطح پر پوری کی جائیں گی اسی طرح وفاقی حکومت کے تعاون سے قیام امن کے ساتھ ساتھ مقامی صنعتی پیداوار کی اندورن ملک کھپت کے علاوہ ہمسایہ ممالک کی منڈیوں تک رسائی کیلئے بھی ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں وفد نے صوبے میں کرپشن کے خاتمے، سرکاری معاملات کو شفاف بنانے اور صنعتی ترقی کا ماحول بنانے سے متعلق صوبائی حکومت کے اقدامات کو سراہا اور اس سلسلے میں بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :