ضرورت سے زیادہ بھرتیوں کی وجہ سے لوکل کونسلز میں تنخواہوں کا مسئلہ ہے ،شرجیل میمن ،حکومت یہ مسئلہ جلد حل کر لے گی اور ملازمین کو تنخواہیں ادا کر دی جائیں گی،وزیر بلدیات سندھ کی اسمبلی میں یقین دہانی

جمعہ 14 فروری 2014 19:23

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14 فروری ۔2014ء) سندھ کے وزیر بلدیات و اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ لوکل کونسلز میں تنخواہوں کا مسئلہ ہے ۔ وہاں ضرورت سے زیادہ بھرتیاں ہوئی ہیں لیکن حکومت یہ مسئلہ جلد حل کر لے گی اور ملازمین کو تنخواہیں ادا کر دی جائیں گی ۔ انہوں نے یہ یقین دہانی جمعہ کو سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کی خاتون رکن ناہید بیگم کے توجہ دلاوٴ نوٹس پر کرائی ۔

توجہ دلاوٴ نوٹس میں کہا گیا کہ سکھر میونسپل کارپوریشن کے ڈھائی ہزار ملازمین کو 13 ماہ سے تنخواہیں نہیں ملی ہیں اور وہ سراپا احتجاج ہیں ۔ ان کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل کیا جائے ۔ پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کی خاتون رکن نصرت سحر عباسی نے اپنے توجہ دلاوٴ نوٹس پر سوال کیا کہ کیا پولیس مجرموں کے آگے سرغمال بنی ہوئی ہے ؟ اس پر وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر سکندر میندھرو نے کہا کہ یہ کہنا ٹھیک نہیں ہے کہ پولیس مجرموں کے ہاتھوں یرغمال بنی ہوئی ہے ۔

(جاری ہے)

پولیس والے دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد سے لڑتے ہوئے اپنی جانیں قربان کررہے ہیں ۔ اس طرح کی باتیں کرکے ان کی حوصلہ شکنی نہیں کرنا چاہئے بلکہ ان کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے ۔ ان کی قربانیوں پر ہم انہیں سلام پیش کرتے ہیں ۔ ایم کیو ایم کے رکن محمد راشد خلجی کے توجہ دلاوٴ نوٹس پر وزیر سماجی بہبود و خصوصی تعلیم روبینہ سعادت قائمخانی نے کہا کہ صوبے کے تمام اسپیشل ایجوکیشن سینٹرز کام کررہے ہیں اور ہم ان کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات کررہے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :