صوبہ بھر میں جائیدادوں کے ریکارڈ کیلئے ایک صاف و شفاف نظام متعارف کرایاجائیگا،امین گنڈہ پور،پٹواریوں کی اجاداری کا خاتمہ ہو جائیگا اور تمام شہریوں کو بنیادی سہولت فراہم کی جائے گی،صوبائی وزیرمال کااجلاس سے خطاب

جمعہ 14 فروری 2014 19:14

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14 فروری ۔2014ء)خیبر پختونخوا کے وزیر مال علی امین خان گنڈاپورنے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے ایجنڈے کے مطابق صوبہ بھر میں جائیدادوں کے ریکارڈ کیلئے ایک صاف و شفاف بین الاقوامی طرز کا نظام جی آئی ایس متعارف کرایا جائیگا جس سے پٹواریوں کی اجاداری کا خاتمہ ہو جائیگا اور تمام شہریوں کو بنیادی سہولت فراہم کی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر پشاور میں ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں دوسروں کے علاوہ کمشنر پشاور ڈویژن کیپٹن (ر) منیراعظم اور سیکرٹری ریونیوبورڈ غلام محمد موجود تھے۔اجلاس میں صوبے کے تمام اضلاع کی جائیداد کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کرنے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

وزیر مال نے اس موقع پر کہا کہ زمینوں سے متعلق جتنے بھی مسائل ہیں ان کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں بعض اضلاع کا ریونیو ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ ہو چکا ہے جبکہ باقی پر کام تیزی سے جاری ہے جس سے عوام کو بہت جلد ریلف میسر آئیگا۔کمشنر پشاور کیپٹن (ر) منیر اعظم نے کہا کہ ہر ضلع کا الگ الگ ڈیٹا بیس تیار کیا جا چکا ہے اور ہر تحصیل کا لینڈ ریکارڈ موجود ہے۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ صوبے کے لینڈ ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرنے سے نہ صرف ریونیو میں اضافہ ہوگا بلکہ عوام آن لائن اپنی جائیداد کی تفصیلات دیکھ سکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ کوئی بھی جعل سازی کے ذریعے کسی کی جائیداد ہتھیا نہیں سکے گا اور ہر شہری کی جائیداد محفوظ ہو گی۔