مسلم لیگ (ن) کی حکومت خواتین کو معاشی اعتبار سے بااختیار بنانے کے لیے پُرعزم ہے ،مریم نواز شریف

جمعہ 14 فروری 2014 17:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14فروری 2014ء) چیئرپرسن وزیراعظم یوتھ پروگرام محترمہ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت خواتین کو معاشی اعتبار سے بااختیار بنانے کے لیے پُرعزم ہے ، یوتھ سکل ڈویلپمنٹ سکیم کے تحت مختلف شعبوں میں پیشہ وارانہ تربیت فراہم کی جائے۔ جمعہ کو چیئرپرسن وزیراعظم یوتھ پروگرام محترمہ مریم نواز شریف نے امریکہ کی عالمی خواتین سے متعلقہ امور کی سفیر مِس کیتھی رسل سے ملاقات کی۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور خصوصاً خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے حکومتی اقدامات زیرِ بحث آئے۔ چیئرپرسن نے سفیر کیتھی رسل کو بتایا، ”حکومت ملک میں چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کوفروغ دے کر نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کی خواہاں ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم یوتھ لون سکیم اس سلسلے میں اہم پیش رفت ہے ۔ چیئرپرسن نے بتایا کہ خواتین ہماری 19 کروڑ کی آبادی کا تقریباً 52 فیصدہیں، ملک کی افرادی قوت میں ان کا تناسب 25 فیصد ہے۔

وہ زراعت ، صنعت، بینک ، مواصلات ، مارکیٹنگ اور صحافت جیسے شعبوں میں گرانقدر خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔ پاکستان کی قومی اسمبلی میں خواتین کے لیے 60 نشستیں مختص کی گئی ہیں۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت خواتین کو معاشی اعتبار سے بااختیار بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔ حکومت چاہتی ہے کہ انہیں یوتھ سکل ڈویلپمنٹ سکیم کے تحت مختلف شعبوں میں پیشہ وارانہ تربیت فراہم کی جائے۔

اس دوران انہیں 3سے 5 ہزار روپے تک ماہانہ وظیفہ بھی دیا جائے گااور 6 ماہ کے کورس کے اخراجات بھی حکومت خود برداشت کرے گی۔ اس مقصد کے لیے حکومت نے800 ملین روپے مختص کیے ہیں۔ چیئرپرسن نے واضح کیا کہ حکومت خواتین کی کاروباری صلاحیتوں کوبھی نکھارنا چاہتی ہے ۔ وزیراعظم کی یوتھ بزنس لون سکیم میں 50 فیصد حصہ خواتین کے لیے مختص کیا گیا ہے۔ سکیم میں بیکری اینڈ کنفیکشری ، کیٹرنگ اینڈ ڈیکوریشن سروسز، مونٹیسوری سکولز، بیوٹی کلینک، انٹیرئیر ڈیکوریشن، ڈے کیئر سینٹر اور بوتیک خواتین کیلئے مخصوص بہت سے کاروبار شامل ہے اس موقع پر مس کیتھی رسل نے نوجوانوں خصوصاً خواتین کو بااختیار بنا کر ملک کی معاشی بحالی کے لیے موجودہ حکومت کے اقدامات کو سراہا اور اس سلسلے میں اپنے ملک کی بھرپور معاونت کا یقین دلایا۔

بعدازاں چیئرپرسن وزیراعظم یوتھ پروگرام مریم نواز شریف نے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی جس میں سیکریٹری فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ ، سیکریٹری انفارمیشن، سیکریٹری انڈسٹری اور دیگر متعلقہ حکام کے علاوہ نوجوان خاتون رکن اسمبلی نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر مریم نواز شریف نے کہاکہ پروگرام کو ملک گیر سطح تک مرحلہ وار وسیع کیا جائے ۔ چیئرپرسن کا مزید کہنا تھا کہ اس پروگرام کا ایسا شیڈول بنایا جائے جس سے ہر شعبے سے متعلقہ افراد جن کو قرضہ دیا جارہا ہے مستفید ہوسکیں اور اگر اس سلسلے میں خصوصی اقدامات بھی کرنا پڑیں تو گریز نہ کیا جائے۔

”چیئرپرسن کا کہنا تھا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت ہم قرضہ حاصل کرنے والوں کو صرف چیک ہی نہیں بلکہ کاروبار چلانے میں مدد بھی فراہم کریں۔“ اُنہوں نے مزید کہا کہ قرضہ لینے والوں کو جدید ٹیکنالوجی خصوصاً انٹرنیٹ کے ذریعے معلومات حاصل کرنے میں بھی مدد فراہم کی جائے یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ایک ایسی ویب سائٹ بنائی جائے جس پر تمام متعلقہ محکموں سے متعلق مدد فراہم کرنے والی معلومات دستیاب ہوں تاکہ لوگ آسانی سے اس سے مستفید ہوسکیں۔