بلوچ کا ضمنی انتخاب کارکردگی اور بلوچ عوام کے لیے اخترربانی مرحوم کی خدمات کے عوض جیتیں گے ، عبد السلام بٹ

جمعہ 14 فروری 2014 16:40

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14فروری 2014ء)آزادکشمیر کے وزیر سیاحت وشہری دفاع عبدالسلام بٹ نے کہاہے کہ بلوچ کا ضمنی انتخاب کارکردگی اور بلوچ عوام کے لیے اخترربانی مرحوم کی خدمات کے عوض جیتیں گے ،مخالفین بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر اوچھے ہتھکنڈوں سے گریز کریں ،عوام سچے اور کھرے کی تمیز کرنا جانتے ہیں اور کسی کی ڈکٹیشن قبول نہیں کریں گے ۔

یہاں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی نظریے اور عوامی خدمات کا نام ہے ۔بلوچ ہمیشہ سے پی پی پی کا گڑھ رہا ہے جہاں کی عوام نے اختر ربانی مرحوم جیسے جیالے کو کامیابی سے ہمکنار کراکر پی پی پی سے اپنی دیرینہ وابستگی کا ثبوت دیا اور اس بار بھی ضمنی انتخاب میں بلوچ کی عوام اس روایت کو برقرار رکھیں گے۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہاکہ تاریخ شاہد ہے کہ پی پی پی مشکل حالات میں بھی سرخرو ہوتی رہی جس کی وجہ عوام میں اس کی جڑیں اور کارکردگی ہے ۔

موجودہ حکومت نے وہ کام کردکھائے ہیں جن کا پہلے تصور ہی کیا جاسکتا تھا۔بلوچ میں گیسٹ ہاوس کی تعمیر اختر ربانی مرحوم کا خواب تھا جو ان کی موجودگی میں تکمیل پذیر ہوا جس کا مقصد اس علاقے کی خوبصورتی کو اجاگر کرنا اور سیاحت کا فروغ تھا۔انہوں نے کہاکہ انہیں وہ دن یاد ہیں جب مرحوم اخترربانی بلوچ میں سیاحتی ترقی کے لیے تجاویز دے رہے تھے اور ان کی خواہش پر خوبصورت مقامات پر گیسٹ ہاوسز کی تعمیر کا اعلان کیا گیا ۔عبدالسلام بٹ نے کہاکہ فہیم اختر ربانی نوجوان قیادت اور بلوچ عوام کے مسائل کا ادراک رکھتے ہیں ،مخالفین جھوٹ اور پروپیگنڈہ کے ذریعے ہار تسلیم کرچکے ہیں جس کی وجہ سے بوکھلاہٹ کا شکارہیں اور انتخاب کا التوا چاہتے ہیں جس کو بلوچ کے عوام ناکام بنادیں گے ۔