اقلیتوں کو حقوق دینے سے متعلق کیس ، سپریم کورٹ کا آئند ہ سماعت پرہوم سیکرٹری پنجاب کوذاتی طورپرپیش ہونے کا حکم

جمعرات 13 فروری 2014 23:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 فروری ۔2014ء) سپریم کورٹ آف پاکستان نے پشاورمیں چرچ حملہ کیس اوراقلیتوں کو حقوق دینے سے متعلق کیس کی سماعت کے دور ان آئندہ سماعت پرہوم سیکرٹری پنجاب کوذاتی طورپرپیش ہونے کا حکم دیا ہے ۔ جمعرات کو چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینج نے پشاورچرچ حملہ ازخود نوٹس اوراقلیتوں کوحقوق دینے سے متعلق کیس کی سماعت کی،سماعت کے آغازپرچیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کہاہے جس پر حکام نے بتایا وہ نہیں آسکے،جسٹس شیخ عظمت سعید نے کہا کہ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو طلب کیا تھا انہوں نے ایک سیکورٹی افسرکو بھیج دیا ہے۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے استفسار کیاکہ10فروری کے حکم نامے میں ہم نے چاروں صوبوں میں اقلیتوں کی عبادت گاہوں کی تفصیل اور انھیں دی جانے والی سکیورٹی کے بارے تفصیلی رپورٹ طلب کی تھی ، اس بارے میں عدالت کوآگاہ کیا جائے، جس پرایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخوا لطیف یوسفزئی عدالت کو بتایا کہ انہیں رپورٹ رات کو ملی تھی جووہ ابھی سپریم کورٹ آفس میں جمع کرادیں گے اسی طرح سندھ حکومت نے بھی رپورٹ جمع کرانے کایقین دلایا تاہم پنجاب حکومت کی جانب سے کسی لاء افسرکی بجائے ایک سیکشن افسر پیش ہوا جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ کیا پنجاب میں کوئی افسر نہیں بچا جو عدالت میں ایک سیکشن افسر بھیج دیا گیا سماعت کے دوران پاکستان ہندو کونسل اور عیسائی کمیونٹی کی جانب سے اپنے مسائل پر مبنی تحریری رپورٹس عدالت میں پیش کی گئیں جس پرعدالت نے ہدایت کی کہ یہ رپورٹس چاروں صوبوں کے لاء افسران کو فراہم کی جائیں جن کی روشنی میں چاروں صوبے اپنا اپنا جواب جمع کرائیں عدالت میں پشاور چرچ خود کش حملہ کیس میں مرنے والوں کے لواحقین اور زخمیوں کو معاوضے کی ادائیگی کا معاملہ بھی اٹھا گیا جس پر ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختون خواہ نے بتایا کہ متاثرین کواعلان کردہ معاوضہ ادا کردیا گیاجو چھ کروڑ 78لاکھ روپے بنتے ہیں عدالت کو بتایا گیا کہ چرچ حملے کے متاثرین کیلئے وزیر اعظم نے بھی دس کروڑ معاوضہ دینے کا اعلان کیا تھا جو اب تک نہیں ملا جس پر جسٹس شیخ عظمت سعید نے اٹارنی جنرل سے پوچھا تو انہوں نے کہاکہ وہ وزیر اعظم سیکرٹریٹ سے پوچھ کر عدالت کو آگاہ کریں گے بعد ازاں کیس کی مزید سماعت 20فروری تک ملتوی کردی گئی ۔

متعلقہ عنوان :