صحت کاانصاف ،تیسرامرحلے کوہرلحاظ سے کامیاب بنانے کیلئے موثراقدامات کی ہدایت،صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے کاؤنٹر ٹریرازم سٹرٹیجی بنائی جائیگی،پرویزخٹک

جمعرات 13 فروری 2014 22:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 فروری ۔2014ء) خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ "صحت کا انصاف" پروگرام کے تیسرے مرحلے کو ہر لحاظ سے کامیاب بنانے کیلئے موثر اقدامات کریں اُنہوں نے اس سلسلے میں پولیو ورکرز کی حفاظت اور پیشگی اطلاعات کا نظام مزید بہتر بنانے کی ہدایت بھی کی اسی طرح اُنہوں نے حکام کو پشاور شہر میں تمام سڑکوں پر ٹریفک نظام کو مربوط بنانے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے موٹر وے کی طرز پر ایک ماسٹر پلان ترتیب دینے اور صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے کاؤنٹر ٹریرازم سٹرٹیجی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے وہ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں اگلے اتوار 16 فروری کو شروع ہونے والے "صحت کا انصاف" پروگرام کے تیسرے مرحلے کو کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کے ضمن میں حفاظتی اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے اجلاس میں پروگرام پر عمل درآمد کیلئے سکیورٹی انتظامات ، کمیونیکشن پلان اور دیگر متعلقہ اُمور کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی صوبائی وزیر صحت شوکت علی یوسفزئی نے پروگرام کیلئے محکمہ صحت اور محکمہ تعلیم کی تیاریوں جبکہ انسپکٹر جنرل پولیس ناصر درانی نے اس مقصد کیلئے سکیورٹی انتظامات اور ماضی کے تجربات کی روشنی میں سیکورٹی پلان میں کی جانے والی تبدیلیوں کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کیا اُنہوں نے بتایا کہ اس اہم پروگرام کے تیسرے مرحلے کو کامیاب بنانے اور سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کے ضمن میں پولیس کے مرکزی کنٹرول روم کے ساتھ پاک فوج اور ایف سی جوانوں کے علاوہ محکمہ صحت اور محکمہ تعلیم کے الگ قائم کردہ کنٹرول رومز کی خدمات سے بھی منسلک کیا گیا ہے یاد رہے کہ "صحت کا انصاف" پروگرام کے پہلے مرحلے میں پشاور کی تمام یونین کونسلوں میں سے 45 یونین کونسلوں اور دوسرے مرحلے میں 60 یونین کونسلوں کے اندر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے جبکہ 16 فروری کو ہونے والے تیسرے مرحلے میں ضلع پشاور کی تمام 79 یونین کونسلوں میں ایک ہی دن گھر گھر جا کر پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے وزیر اعلیٰ نے پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے غیر محفوظ علاقوں میں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایت کی اس موقع پر اُنہوں نے محکمہ صحت کے حکام کو ڈینگی وائرس کے حوالے سے صوبے کے غیر محفوظ علاقوں میں پہلے سے ضروری تیاریاں کرنے کی بھی ہدایت کی وزیر اعلیٰ نے حکام کو ڈینگی وائرس کی تشخیص کیلئے خون ٹیسٹ کرنے والی لیبارٹریوں کی فیس کی معقول حد مقرر کرنے اور ڈینگی وائرس کی نشوونما پانے والی جگہوں کے بارے میں عوام کو زیادہ سے زیادہ آگہی دینے کیلئے اقدامات کی بھی ہدایت کی پرویز خٹک نے یقین دلایا کہ مقامی عوامی نمائندے پوری مہم کی قیادت کریں گے اُنہوں نے "صحت کا انصاف" پروگرام کے پہلے دو مرحلوں کو کامیاب بنانے میں پولیس، اساتذہ ، تبدیلی رضاکاروں اور پولیو ورکرز کے کردار اور کوششوں کی تعریف کی اُنہوں نے انکشاف کیا کہ صوبائی حکومت پولیو اور دیگر مہلک امراض سے بچاؤ کی ویکسین کو تمام بچوں کیلئے لازمی قرار دینے کیلئے قانون سازی پر غور کر رہی ہے ۔

متعلقہ عنوان :