کراچی، ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے ارکان ڈاکٹر صغیر احمد ، احمد سلیم صدیقی اور وسیم اختر کا جناح اسپتال کا دورہ،بم دھماکے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے اہلخانہ سے تعزیت اور زخمی پولیس اہلکاروں کی جلد و مکمل صحتیابی کی دعا

جمعرات 13 فروری 2014 22:09

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 فروری ۔2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ارکان ڈاکٹر صغیر احمد، احمد سلیم صدیقی اوروسیم اختر نے حق پرست ارکان سندھ اسمبلی خالد بن ولایات اور افتخار عالم کے ہمراہ جناح اسپتال کا دورہ کرکے رزاق آباد پولیس ٹریننگ سینٹر کے قریب بم دھماکے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی عیادت کی اورمتحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی جانب سے زخمیوں کی خیریت دریافت کی ۔

رابطہ کمیٹی کے ارکان نے بم دھماکے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے سوگوار اہل خانہ سے تعزیت اور زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی جلد و مکمل صحت یابی کیلئے دعا کی ۔ اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے ارکان نے زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ سے ملاقات کی اورپولیس اہلکار جلدمکمل صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کااظہارکیا۔

(جاری ہے)

رابطہ کمیٹی کے ارکان نے جناح اسپتال کے ڈاکٹروں سے ملاقات کرکے زخمیوں کے علاج کے بارے میں معلوم کیااور اسپتال کے ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو ہدایت کی کہ زخمی پولیس اہلکاروں کی بہتر نگہداشت کی جائے اورکسی قسم کی کوئی کوتاہی نہ کی جائے ۔

رابطہ کمیٹی کے ارکان کے جناح اسپتال کے دورے کے موقع پر ایم کیو ایم میڈیکل ایڈ کمیٹی جناح اسپتال یونٹ کے ذمہ ادران اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے ارکان بھی ہمراہ تھے ۔