ننکانہ صاحب میں مبینہ زیادتی کا نشانہ بننے والی سات ماہ کی بچی تشویشناک حالت میں لاہور منتقل ،ملزم گرفتار،مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق اور پارلیمانی رانا ارشد بچی کی عیادت کیلئے ہسپتال پہنچ گئے ،علاج معالجے کی تمام سہولیات مفت فراہم کی جائیں ،سلمان رفیق /متاثرہ خاندان کو مالی و قانونی امداد بھی دی جائیگی‘ رانا ارشد

جمعرات 13 فروری 2014 20:55

ننکانہ صاحب /لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 فروری ۔2014ء) ننکانہ صاحب میں مبینہ زیادتی کا نشانہ بننے والی بھٹہ مزدور کی سات ماہ کی بچی کو تشویشناک حالت میں لاہور منتقل کر دیا گیا ، پولیس نے درندے کو گرفتار کرلیا ، اطلاع ملتے ہی وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق اور پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و ثقافت رانا ارشد بچی کی عیادت کے لئے چلڈرن ہسپتال پہنچ گئے ۔

بتایا گیا ہے کہ ننکانہ صاحب کے گاؤں جھگیاں کرنالیاں میں باپ بھٹے پر مزدوری جبکہ ماں چارہ لینے گئی ہوئی تھی اور سات ماہ کی کمسن بچی گھر میں سورہی تھی کہ نامعلوم نوجوان نے زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا اوربچی کو تشویشناک حالت میں چھوڑ کر فرار ہوگیا۔ بچی کو شاہ کوٹ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال لایا گیا لیکن حالت خراب ہونے پر اسے لاہور چلڈرن ہسپتال منتقل کیا گیا ۔

(جاری ہے)

کمسن بچی کی والدہ کا کہنا ہے کہ انکے وہم و گمان میں بھی نہ تھا کہ ایسا بدترین واقعہ پیش آجائے گا۔ پولیس کے مطابق 14 سالہ ملزم کو گرفتار کرلیا گیا جو بچی کا رشتہ دار ہے۔دوسری جانب مشیر صحت پنجاب سلمان رفیق نے چلڈرن ہسپتال میں بچی کی عیادت کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مبینہ زیادتی کی شکار بچی کو 10 سے 15 دن ہسپتال میں رہنا پڑے گا اور اسکے 3 سے 4 آپریشن کرنا ہوں گے۔

انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو بچی کو علاج معالجے کی تمام سہولیات مفت فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا ۔ پارلیمانی سیکرٹری رانا محمد ارشد نے بچی کی عیادت کی اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بچی سے مبینہ زیادتی کے ملزم کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، علاج کے تمام اخراجات حکومت برداشت کرے گی جبکہ متاثرہ خاندان کو مالی و قانونی امداد بھی دی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :