کراچی اسٹاک ایکسچینج میں مندی ،سرمایہ کاری مالیت میں 23ارب 77کروڑ روپے سے زائد کی کمی،مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 136.01پوائنٹس کمی سے 26541.26پوائنٹس پر بند ہوا

جمعرات 13 فروری 2014 20:36

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 فروری ۔2014ء) کراچی اسٹاک ایکسچینج میں ایک روزہ تیزی کے بعد کاروباری ہفتے کے چوتھے روز جمعرات کو اتار چڑھاوٴ کے بعد مندی رہی اور کے ایس ای 100انڈیکس 26600کی نفسیاتی حد سے گرگیا ۔سرمایہ کاری مالیت میں 23ارب 77کروڑ روپے سے زائد کی کمی ،کاروباری حجم گزشتہ روز کی نسبت2.89فیصد کم جبکہ53.31فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ۔

حکومتی مالیاتی اداروں ،مقامی بروکریج ہاوٴسز سمیت دیگر انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے بینکنگ،انشورنس،انرجی اور آئل سیکٹر میں خریداری کے باعث کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا۔ ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100انڈیکس 26860پوائنٹس کی بلند سطح پر بھی ریکارڈ کیا گیا تاہم شہر قائد میں دہشت گردی کی تازہ ترین واردات اور امن و امان کی ناگفتہ بہ صورت حال کے باعث مقامی سرمایہ کار گروپ تذبذب کا شکار نظر آئے اور اپنے حصص فروخت کرنے کو ترجیح دی جس کے باعث تیزی کے اثرات زائل ہوگئے اور کے ایس ای 100انڈیکس ایک موقع پر 26600کی نفسیاتی حد بھی گرگیا تاہم آخری لمحات کے دوران بینکنگ سیکٹر میں خریداری کے باعث مارکیٹ میں ریکوری آئی جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100انڈیکس 26600کی نفسیاتی حد ایک بار پھر عبور کرگیا تاہم اتار چڑھاوٴ کا سلسلہ سارا دن جاری رہا ۔

(جاری ہے)

مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 136.01پوائنٹس کمی سے 26541.26پوائنٹس پر بند ہوا ۔مجموعی طور پر 392کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا ،جن میں سے 157کے کمپنیوں کے بھاوٴ میں اضافہ ،209کمپنیوں کے بھاوٴ میں کمی جبکہ 26کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا ۔سرمایہ کاری مالیت میں23ارب 77کروڑ 58لاکھ 47ہزار126روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت گھٹ کر64کھرب56ارب 4کروڑ 72لاکھ 82ہزار 723روپے ہوگئی ۔

جمعرات کو کاروباری سرگرمیاں 27کروڑ 61لاکھ 39ہزار 660شیئرز رہیں جو بدھ کے مقابلے میں82لاکھ 27 ہزار80شیئرز کم ہیں ۔قیمتوں کے اتار چڑھاوٴ کے حساب سے رفحان میظ کے حصص سرفہرست رہے ،جس کے حصص کی قیمت350.87وپے اضافے 7338.27روپے آئس لینڈ ٹیکسٹائل کے حصص کی قیمت 67.00روپے اضافے 1420.00روپے پر بند ہوئی ،نمایاں کمی مری بریوری کے حصص میں ریکارڈ کی گئی جس کے حصص کی قیمت 40.76روپے کمی سے 774.53روپے جبکہ کولگیٹ پامولو کے حصص کی قیمت 39.00روپے کمی سے 1600.00روپے پر بند ہوئی ۔

بدھ کو فیصل بینک لمیٹڈ کی سرگرمیاں1کروڑ 95لاکھ 98ہزار500 شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہیں جس کے شیئرز کی قیمت 15پیسے اضافے سے 13.12روپے اور بینک آف پنجاب کے رائٹ حصص کی سرگرمیاں 1کروڑ 82لاکھ 51ہزار500 شیئرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں جس کے شیئرز کی قیمت 7پیسے کمی سے 2.04روپے ہوگئی ۔کے ایس ای 30انڈیکس 119.33پوائنٹس کمی 19195.60پوائنٹس ،کے ایم آئی 30انڈیکس 306.33پوائنٹس کمی سے 43815.50جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 72.90پوائنٹس کمی 19796.66پوائنٹس پر بند ہوا ۔