اراکین پارلیمنٹ کی دوہری شہریت بل پر پیپلز پارٹی میں اختلافات،بل کو پارلیمنٹ میں پیش کرنے سے قبل پارٹی اراکین کے تحفظات دور کرنے اور پارلیمانی جماعتوں سے مشاورت کا فیصلہ،پیپلز پارٹی پارلیمانی ذرائع

جمعرات 13 فروری 2014 20:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 فروری ۔2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی میں اراکین پارلیمنٹ کو دوہری شہریت کا حق دینے کے مسودہ قانون پر اختلافات، پیپلز پارٹی کی قیادت نے بل کے مخالفین کے تحفظات دور کرنے کیلئے پارٹی سطح پر مشاورتی اجلاس بلائے اور پارلیمانی جماعتوں سے رابطوں کا فیصلہ کریں۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی کے اعلیٰ پارلیمانی ذرائع نے این این آئی کو بتایا ہے کہ اراکین پارلیمنٹ کو دوہری شہریت دینے کے معاملہ پر پیپلز پارٹی کے اندر بھی اتفاق رائے نہیں پارٹی کے اہم سینیٹر اور اراکین قومی اسمبلی کو اس حوالے سے تحفظات ہیں جس کے باعث پیپلز پارٹی کی قیادت نے پارٹی کے اندر اس بل کے حوالے سے تحفظات دور کرنے کیلئے پارٹی اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں دوہری شہریت کے مخالفین کے تحفظات کو دور کیا جائے گا۔

پیپلز پارٹی کے پارلیمانی ذرائع نے بتایا کہ دوہری شہریت کے بل بارے پیپلزپارٹی کے پارلیمانی قیادت نے دیگر اپوزیشن جماعتوں سے بھی بل کے ڈرافٹ پر مشاور ت کا فیصلہ کیا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے اس حوالے سے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں پارلیمانی جماعتوں کے رہنماؤں کو اعتماد میں لینگے۔