دسویں آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز کل متحدہ عرب امارات میں ہوگا

جمعرات 13 فروری 2014 13:47

دبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13فروری 2014ء) دسویں آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز جمعہ سے متحدہ عرب امارات میں ہو گا۔ میگا ایونٹ کے افتتاحی میچ میں کینیڈا کی ٹیم زمبابوے کے مدمقابل ہو گی۔ بھارت کی ٹیم ٹائٹل کے دفاع کیلئے میدان میں اترے گی، بھارتی ٹیم کو اس سے قبل تین بار عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل ہے جبکہ پاکستان کی ٹیم نے دو مرتبہ عالمی ٹائٹل اپنے نام کیا۔

یکم مارچ تک جاری رہنے والے ایونٹ میں دنیائے کرکٹ کی سولہ ٹیمیں عالمی ٹائٹل کے حصول کیلئے قسمت آمائی کریں گی، ایونٹ میں شریک ٹیموں کو چار مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا گروپ اے میں پاکستان، بھارت، پاپوا نیو گنی اور سکاٹ لینڈ، گروپ بی میں افغانستان، بنگلہ دیش، آسٹریلیا اور نمیبیا، گروپ سی میں متحدہ عرب امارات، انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز جبکہ گروپ ڈی میں کینیڈا، زمبابوے، نیوزی لینڈ اور سری لنکا شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ایونٹ کے ابتدائی روز چار میچ کھیلے جائیں گے، پہلے میچ میں کینیڈا کی ٹیم زمبابوے، دوسرے میچ میں متحدہ عرب امارات کی ٹیم انگلینڈ، تیسرے میچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم سری لنکا جبکہ چوتھے اور آخری میچ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم ویسٹ انڈیز کے مدمقابل ہو گی۔ ایونٹ کے کوارٹر فائنلز 22 اور 23 فروری، سیمی فائنلز 24 اور 26 فروری جبکہ فائنل یکم مارچ کو کھیلا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :