خواتین بلاشبہ معاشرتی تبدیلی کی ضامن ہیں‘زیب النساء اعوان

جمعرات 13 فروری 2014 13:15

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13فروری 2014ء)رکن صوبائی اسمبلی زیب النساء اعوان نے کہا ہے کہ خواتین بلاشبہ معاشرتی تبدیلی کی ضامن ہیں اور اگر عورت بہن , بیوی , ماں کے روپ میں اپنی ذمہ داریوں کو اچھی طرح سمجھ لے تو معاشرہ خود بخود اصلاح کی طرف گامزن ہو جاتا ہے- اس سلسلے میں وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف خواتین کو ان کے بنیادی حقوق دلانے میں سرگرم ہیں اور انہوں نے سیاسی عمل میں بھی خواتین کی شرکت کو یقینی بنایا ہے -ان خیالات کا اظہار انہوں نے " عورت فاؤنڈیشن" اور محکمہ سوشل ویلفیئر کے اشتراک سے "پاکستانی عورت کا دن " کے موقع پر " آواز اور جوابدہی پروگرام "کے زیر عنوان منعقدہ ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ․ کانفرنس میں انچارج سوشل ویلفیئر و صنعت زار طلعت شبیر, ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر عورت فاؤنڈیشن نوشین خرم, سول سوسائٹی کے نمائندوں اور عام خواتین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی -انچارج پناہ صنعت زار طلعت شبیر نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات پر محکمہ سوشل ویلفیئرنے آج پاکستانی عورت کے دن پر ایک آگاہی مہم کا آغاز کر دیاہے ․ اس آگاہی مہم کے تحت محکمہ سوشل ویلفیئر گرد و نواح کے خواتین میں گھر گھر جا کر شعور اجاگر کرے گا تاکہ وہ معاشرے میں رائج غلط سماجی اقدار اور رویوں کو بدلنے اور تمام مسائل کے حل کے یئے اپنا قدم بڑھائیں اور اس بات کا عزم کریں کہ اپنی اولاد کی تربیت ان خطوط پر کریں گی کہ وہ بڑے ہو کر بااخلاق اور باکردار انسان بن کر معاشرے سے برائیوں کا خاتمہ کر سکیں- انہو ں نے کہا کہ اس کوشش میں مرد بھی اگر عورت کا ساتھ دے تو ہم اپنی نسل کو برائیوں سے پاک معاشرہ دے سکتے ہیں- ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر عورت فاؤنڈیشن نوشین خرم نے کہا کہ آواز اور جوابدہی پروگرام کے تحت عورت فاؤنڈیشن صحت اور تعلیم کے مسائل کو اجاگر کر رہا ہے- انہو ں نے حکومت سے اپیل کی کہ خواتین میں صحت کی آگاہی کے لیئے تربیتی پروگرام مرتب کیے جائیں تاکہ وہ اپنی صحت کا خیال رکھ سکیں اور اس کے ساتھ ساتھ حکومت سرکاری سکولوں میں تمام تر بنیادی ضروریات کی فراہمی کو یقینی بنائے تاکہ غریب گھرانوں کے بچے بھی اچھی تعلیم حاصل کر سکیں-