پولیس بس پر خود کش حملہ،صدر،وزیر اعظم اور دیگر رہنماؤں کا اظہار مذمت

جمعرات 13 فروری 2014 11:43

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13فروری 2014ء) صدر مملکت ،وزیر اعظم اور دیگر رہنماؤں نے کراچی میں پولیس بس پر خود کش حملے کی مزمت کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔صدر ممنون حسین اور وزیر اعظم نواز شریف نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ کارروائی قراردیا ہے۔ انہوں نے مرحومین کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی بھی دعا کی۔

سندھ کے گورنر ڈاکٹر عشرت العباد نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے زخمی اہلکاروں کو طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور آئی جی سندھ سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے بم دھماکے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کے سوگوار لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد ملک و قوم کے کھلے دشمن ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالمالک بلوچ نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک مخصوص ٹولہ ملک کے حالات خراب کرنے کے لئے سرگرم ہے۔ تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان اور سابق صدر آصف زرداری نے بھی رزاق آباد دھماکے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اے این پی کے سربراہ اسفندیارولی کی جانب سے بھی دھماکے مذمت کی گئی ہے۔ شیعہ علما کونسل کے سربراہ علامہ ساجد علی نقوی اور اہل سنت و الجماعت کے رہنما اورنگزیب فاروقی نے بھی رزاق آباد دھماکے کی مذمت کی ہے۔

متعلقہ عنوان :