اسلام آباد ہائی کورٹ نے گیس کی فراہمی کے عدالتی فیصلے کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل پر فریقین سے جواب طلب کر لیا،ہفتے میں تین دن سی این جی اسٹیشن کھلنے کے باعث گھریلوں صارفین کو شدید مشکلات ہیں ، درخواست گزاروں کا موقف

بدھ 12 فروری 2014 22:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12 فروری ۔2014ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پوٹھوہار ریجن کو ہفتے میں تین دن گیس کی فراہمی کے عدالتی فیصلے کے خلاف دائر انٹرا کورٹ اپیل پر فریقین سے جواب طلب کر لیا ۔بدھ کو عدالت عالیہ کے جسٹس ریاض احمد خان اور جسٹس نورالحق این قریشی پر مشتمل ڈویژن بینچ نے وزارت پٹرولیم اور ایس این جی پی ایل کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی تو درخواست گزاروں کی جانب سے خواجہ فاروق ایڈوکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ 6فروری 2014ء کو عدالت عالیہ کے سنگل بینچ نے ہفتے میں تین سی این جی اسٹیشن کھلوا نے کا جو فیصلہ دیا ہے اسے معطل کیا جائے ۔

ہفتے میں تین دن سی این جی اسٹیشن کھلنے کے باعث گھریلوں صارفین کو شدید مشکلات ہیں لہذا عدالت سنگل بینچ کا فیصلہ کالعدم قرار دے ۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران درخواست گزاروں کے وکیل نے کہا کہ گھروں میں گیس نہ ملنے کے باعث شہری احتجاج کر رہے ہیں جس پر جسٹس ریاض احمد خان نے کہا کہ ہم نے تو نہیں دیکھا کہ لوگ احتجاج کر رہے ہیں فاضل جسٹس نے کہا کہ سنگل بینچ کا فیصلہ فریقین کو سنے بغیر معطل نہیں کر سکتے فریقین کو سن لیتے ہیں اگر آپ عدالت کو مطمئن کر سکے تو فیصلہ معطل کر دیں گے نہیں تو آپ کو سپریم کورٹ سے رجوع کرنا پڑے گا۔عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔درخواست میں 52سی این جی اسٹیشنوں کو فریق بنایا گیا ہے ۔