گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کا وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور وفاقی وزیر خزانہ سے ٹیلی فونک رابطہ ،گورنر سندھ اور وفاقی وزراء کے درمیان کراچی میں امن وامان کی صورتحال ، ٹارگٹڈ آپریشن، ایم کیو ایم کے تحفظات اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا

بدھ 12 فروری 2014 22:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12 فروری ۔2014ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے بدھ کی شب وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔ ذرائع کے مطابق ان ٹیلیفونک رابطوں میں گورنر سندھ اور وفاقی وزراء کے درمیان کراچی میں امن وامان کی صورتحال ، ٹارگٹڈ آپریشن، ایم کیو ایم کے تحفظات اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق گورنر سندھ نے وفاقی وزراء کو کراچی آپریشن کے دوران ایم کیو ایم کے کارکنان کے لاپتہ ہونے اور ماورائے عدالت قتل کے واقعات کے حوالے سے تحفظات سے آگاہ کیا ۔ ذرائع کے مطابق ٹیلیفونک گفتگو میں گورنر سندھ اور وفاقی وزراء کے درمیان رابطوں میں ایم کیو ایم کے الٹی میٹم پر بھی مشاورت کی گئی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزراء چودھری نثار اور اسحاق ڈار کی جانب سے گورنرسندھ کو یقین دہانی کرائی گئی کہ ٹارگٹڈ آپریشن ایم کیو ایم کے خلاف نہیں بلکہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف کیاجارہا ہے اس حوالے سے ایم کیو ایم کی جو شکایات ہیں وفاقی حکومت ان کا ازالہ کرے گی اور ایم کیو ایم کے تحفظات کو دور کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اس ٹیلیفونک رابطے میں وفاقی وزیر خزانہ نے گورنر سندھ کو وفاق کی جانب سے اہم پیغام دیا ہے اور کہا ہے کہ ایم کیو ایم اپنا الٹی میٹم واپس لے لے۔ وفاقی حکومت ایم کیو ایم کے تحفظات پر سندھ حکومت سے بات کرے گی اور ان کے ازالے کی ہر ممکن کوششیں کی جائیں گی۔