پارلیمانی سیکرٹریز کی استعداد کار میں اضافے کے لئے قوانین میں ترمیم کی جائے گی ‘ رانا ثنا ء اللہ خاں،قائمہ کمیٹیوں کو زیادہ موثر طریقہ سے کام کرنا ہو گا تاکہ ایوان کو عوامی امنگوں کا حقیقی ترجمان بنایا جا سکے‘ وزیر قانون پنجاب

بدھ 12 فروری 2014 20:57

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12 فروری ۔2014ء) صوبائی وزیر بلدیات و قانون رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ پارلیمانی سیکرٹریز اور چیئر مین قائمہ کمیٹیز کی استعداد کار میں اضافے اور ایوان میں ان کے کردار کو فعال بنانے کے لئے رولز آف بزنس میں ترمیم کی جائے گی ۔ وہ بدھ کے روز یہاں پنجاب اسمبلی کیفے ٹیریا میں صوبائی وزراء ، پارلیمانی سیکرٹریز اور چیئرمین قائمہ کمیٹیز کے اعزاز میں دئیے گئے ناشتہ کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر وزیر صنعت چوہدری محمد شفیق ، وزیر سماجی بہبود بیگم ذکیہ شاہنواز ، وزیر آبپاشی یاوزمان ، وزیر زکوةو عشر ملک ندیم کامران ، وزیر جنگلات محمد آصف ملک ، وزیر معدنیات شیر علی خان، ڈپٹی سپیکر سردار شیر علی خان گورچانی ، سیکرٹری ٹو سی ایم ڈاکٹر توقیر ، پارلیمانی سیکرٹریز ، قائمہ کمیٹیوں کے چیئر مین ، سیکرٹری قانون اور سپیشل سیکرٹری بلدیات بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

راناثناء اللہ خاں نے کہا کہ قائمہ کمیٹیوں کو زیادہ موثر طریقہ سے کام کرنا ہو گا تاکہ اسمبلی ایوان کو عوامی امنگوں کا حقیقی ترجمان بنایا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی محکموں کو اس بات کا پابند بنایا جا رہا ہے کہ وہ اپنے متعلق تحاریک التوائے کار اور سوالوں کے لئے متعلقہ منسٹر اور پارلیمانی سیکرٹری سے رجوع کرے ۔ انہوں نے کہا کہ ایوان میں صوبائی وزیر کی غیر موجودگی میں متعلقہ محکمہ کا پارلیمانی سیکرٹری سوالوں کا جواب دینے کا پابند ہو گا۔

اس اقدام سے پورا ایوان مکمل فنکشنل پوزیشن میں آ جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی سیکرٹریوں کو دفاتر سمیت دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ۔ عنقریب انہیں مکمل طو رپر فعال کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی سیکرٹریز پالیسی لیول میٹنگز میں پارلیمانی سیکرٹریوں کو ضرور بلائیں ۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی سیکرٹریز کی تربیت کے لئے ایک پروگرام بھی ترتیب دیا جا رہا ہے ۔ بعد ازاں سیکرٹری قانون نے شرکاء کو پارلیمانی امور پر بریفنگ دی ۔آخر میں پارلیمانی سیکرٹریز اور چیئر مین سٹینڈنگ کمیٹیز نے ایوان کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے اٹھائے جانے والے حکومتی اقدامات کی تعریف کی ۔