جو قومیں اپنے ہیروز کو یاد رکھتی ہیں وہ اقوام عالم میں رفعت مقام اور بقائے دوام بھی حاصل کرتی ہیں ‘ گورنر پنجاب ،اعتزاز حسن شہید نے عظیم قربانی دیکر قوم کے سر فخر سے بلند کر دیئے ،دُنیا کو پیغام ملا دہشت گردی کیخلاف پاکستان کا بچہ بچہ یکجاہے،چوہدری محمد سرور کا تقریب سے خطاب ، پشاور میں خود کش بمبار کو روکتے ہوئے شہید ہونیوالے اعتزاز حسن کے والد کو ان کے بیٹے کی عظیم قربانی پر ایوارڈ

بدھ 12 فروری 2014 20:57

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12 فروری ۔2014ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ جو قومیں اپنے ہیروز کو یاد رکھتی ہیں وہ اقوام عالم میں رفعت مقام بھی حاصل کرتی ہیں اور بقائے دوام بھی،جس ملک میں اعتزاز حسن شہید جیسے نوجوان ہیں وہ قومیں تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کیے روز گورنر ہاؤس لاہور میں پشاور میں اپنی جان کی قربانی دے کر خود کش بمبار کو سکول میں داخل ہونے سے روکنے والے اعتزاز حسن شہید کی یاد میں برائٹ فیوچر سوسائٹی آف پاکستان کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ ہم دہشت گردی میں شہید ہونے والے بے گناہ شہریوں کے جنازے اٹھا کر تھک چکے ہیں اب وقت آگیا ہے کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہو جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اعتزاز حسن شہید نے عظیم قربانی دے کر قوم کے سر فخر سے بلند کر دیئے ہیں اور پوری دُنیا کو یہ پیغام ملا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کا بچہ بچہ یک جاہے۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہید کے والد مجاہد علی، برائٹ فیوچر سوسائٹی کے سربراہ سیموئل پیارا اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور اعتزاز حسن شہید کی قربانی پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

تقریب کے اختتام پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے اعتزاز حسن شہید کے والد کو ان کے بیٹے کی عظیم قربانی پر ایوارڈ سے نوازہ۔دریں اثناء، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے گورنر ہاؤس لاہور میں چیئر میں ناصر سعید کی قیادت میں پاکستان فوٹو گڈز مارکیٹ لاہور کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں میاں محمد زبیر ، حاجی راحت، ندیم سعید، میاں شفقت ، عرفان تاج، شمشاد خاں ، محمد نواز اور ملک سعید موجود تھے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ ملکی صنعتی پہیہ کو رواں دواں رکھنے کے لئے موجودہ حکومت سرمایہ کاروں اور تاجر برادری کو بہترین سازگار ماحول فراہم کرنے کے لئے اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کار لارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کے لئے ہمیں قومی سوچ اور اجتماعی مفادات کا خیال رکھتے ہوئے اپنے اپنے شعبوں میں بھر پور کردار ادا کرنا چاہئے۔

اس موقع پر وفد نے گورنر پنجاب کو انہیں درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ گورنر پنجاب نے یقین دلایا کہ ان کے مسائل کے حل کے لئے حکومت ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنائے گی۔ بعد ازاں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے ایک مقامی ہوٹل لاہور میں بابائے امن گلاسکو(یو کے) ملک غلام ربانی عوان کے اعزاز میں روٹری کلب آف لاہور شالیمار کے زیر اہتمام منعقدہ (لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ )کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف نے طالبان کو کھلے دل سے مذاکرات کی جو دعوت دی ہے اسکا بنیادی مقصد ملک میں نہ صرف امن کی راہ ہموار کرنی ہے بلکہ دہشت گردی کی اس آمریت کا خاتمہ کرنا ہے جس کی نذر لاکھوں بے گناہ جانیں ہو چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ طالبان کو بھی حکومت کی اس کھلے دل کی پیشکش کا عملی طور پر جواب دینا چاہئے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ آج ملک کو سب سے زیادہ ضرورت تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں ، سول سوسائٹی کے اداروں ، تمام مکتبہ فکر کے لوگوں کو اس دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ایک سوچ اور فکر کا مظاہرہ کرنا ہوگا اسی میں ملک کی سلامتی اور قوم کی بقاہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم ملک سے کرپشن ختم کردیں تو ہمارے بے شمار بنیادی مسائل خود بخود حل ہو جائیں گے۔