وزیر اعلیٰ کا بڈھ بیر دہشت گردی کی مذمت،متاثرہ خاندان کیلئے معاوضوں کا اعلان

بدھ 12 فروری 2014 20:42

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12 فروری ۔2014ء) خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے پشاور کے علاقہ ماشو خیل بڈھ بیر میں دہشت گردی کے اندوہناک واقعہ اور ایک ہی خاندان کے نو افراد کو بیدردی سے قتل کرنے کی مذمت کرتے ہوئے شہید پیکیج کے تحت جاں بحق ہر فرد کے ورثاء کیلئے پانچ پانچ لاکھ روپے معاوضے کا اعلان کیا ہے وزیراعلیٰ نے اس بزدلانہ اور بے رحمانہ کاروائی پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ طالبان کے ساتھ امن بات چیت شروع ہونے کے بعد اب ملک دشمن عناصر بے نقاب ہونا شروع ہو گئے ہیں اگر چہ وہ اپنی ناکامی دیکھ کرسراسیمگی کے علاوہ عوام میں بددلی پیدا کرنے کیلئے طریقے بدل بدل کر دہشت گردی کر رہے ہیں مگر جلدوہ اپنے انجام تک پہنچنے والے ہیں انہوں نے متاثرہ خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی کی دعا کی اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور یقین دلایا کہ معصوم شہریوں کو وحشیانہ دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے اس المناک واقعے میں ملوث درندہ صفت عناصر کا کھوج لگا کر کیفر کردار تک پہنچا دیا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :