حکومت عوام سے کئے گئے تمام وعدوں کو ہر صورت پورا کرے گی،پرویزخٹک،چاہے کسی کو اچھا لگے یا برا، ہم چھ دہائیوں سے ظلم و نا انصافی کی چکی میں پسے عوام کو انصاف دینے، فرسودہ اور استحصالی نظام کو تبدیل کرنے، کرپشن، رشوت اور کمیشن کلچرختم کرنے سمیت عوام سے کیا گیا اپنا ہر وعدہ پورا کریں گے،وزیراعلی خیبرپختونخوا

بدھ 12 فروری 2014 20:41

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12 فروری ۔2014ء) خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے اصلاحاتی ایجنڈے کی تکمیل کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کی اتحادی حکومت عوام سے کئے گئے تمام وعدوں کو ہر صورت پورا کرے گی چاہے کسی کو اچھا لگے یا برا، ہم چھ دہائیوں سے ظلم و نا انصافی کی چکی میں پسے عوام کو انصاف دینے، فرسودہ اور استحصالی نظام کو تبدیل کرنے، کرپشن، رشوت اور کمیشن کلچرختم کرنے سمیت عوام سے کیا گیا اپنا ہر وعدہ پورا کریں گے صوبائی حکومت میں شامل تینوں اتحادی جماعتیں اس ایجنڈے پر متفق ہیں اُن کا ماضی بے داغ ہے ہم جو بھی کہیں گے اس پر عمل بھی کریں گے ماضی کے حکمرانوں کی طرح ہم عوام کو سبز باغ دکھاکر اپنی تجوریاں بھرنے کی منافقانہ سیاست پر یقین نہیں رکھتے ہمیں کسی کی پرواہ ہے نہ کسی چیز کی لالچ ، ہمارا مقصد اپنے انتخابی وعدوں کے مطابق موجودہ استحصالی نظام کو تبدیل کرکے غریب عوام کو انصاف اور ریلیف دینا ہے جو ہم ہر صورت کرکے رہیں گے ان خیالات کااظہار اُنہوں نے پشاور میں بینک آف خیبر اور صوبائی محکمہ صنعت کے زیر اہتمام خود کفالت اسکیم کے تحت بے روزگار نوجوانوں کو قرضوں کے اجراء کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا دو ارب روپے کی خطیر رقم سے شروع کئے گئے خود روزگار اسکیم کے تحت سالانہ تین ہزار بے روزگار نوجوانوں کو50 ہزار سے دو لاکھ روپے تک بلا سود قرضے آسان شرائط پر فراہم کئے جائیں گے سینئر وزیر خزانہ سراج الحق، صوبائی وزراء شہرام خان ترکئی، حبیب الرحمن خان، وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ امجد آفریدی، وزیراعلیٰ کمپلینٹ سیل کے چیئرمین الحاج دلروز خان، ممبران صوبائی اسمبلی ، سیکرٹری خزانہ ، سیکرٹری صنعت اورایم ڈی بینک آف خیبر عمرا ن صمد کے علاوہ شہری نمائندوں کی ایک کثیر تعداد نے تقریب میں شرکت کی خود کفالت سکیم کو صوبے میں بے روزگاری اور غربت ختم کرکے ایک سماجی انقلاب لانے کی جانب ایک اہم قرار دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت اس سکیم میں سالانہ 2 ارب روپے کا اضافہ کرے گی تاکہ اسے زیادہ سے زیادہ لوگ مستفید ہو سکیں اُنہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک دہائی سے جاری بد امنی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ سے بری طرح متاثر اس صوبے میں بے روزگاری اور غربت کی شرح میں بے پناہ اضافہ ہو اہے جس کی وجہ سے غربت اور بے روزگاری سے تنگ نوجوان منفی سرگرمیوں میں ملوث ہو رہے ہیں اس لئے بے روزگاری اور غربت کے اس سیلاب کے آگے بند باندھنا وقت کا تقاضا ہے موجودہ اتحادی حکومت نے صوبے میں روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنے کیلئے متعدد پروگرام شروع کئے ہیں اور خود کفالت سکیم کا اجراء اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے پرویز خٹک نے کہا کہ صوبے کی اتحادی حکومت جس ایجنڈے کو لے کر چلی ہے وہ فرسودہ اور استحصالی نظام کے مارے ہوئے غریب عوام خصوصاً نواجوان نسل کی اُمنگوں کے عین مطابق ہے ہم نے اقتدار میں آتے ہی اس ایجنڈے کی تکمیل کیلئے ضروری قوانین سازی کے ساتھ ساتھ دیگر ضروری اقدامات شروع کئے جن کے مثبت نتائج آج سامنے آرہے ہیں اب ہر گزرتے دن کے ساتھ عوام اپنی زندگیوں میں مثبت تبدیلی محسوس کریں گے اُنہوں نے کہا کہ نوجوان نسل نے گزشتہ عام انتخابات میں تبدیلی کیلئے اتحادی جماعتوں پر جس اعتماد کاا ظہار کیا ہے ہم اُن کے اس اعتماد پر پورا اُترنے کیلئے ہر طرح کے جتن کریں گے اور اُنہیں نااُمید نہیں کریں گے موجودہ حکومت کے اصلاحاتی اقدامات کا تذکر ہ کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ ہم نے گزشتہ آٹھ مہینوں میں سرکاری محکموں اور اداروں کیلئے صحیح سمت کا تعین کر دیا ہے میں یہ دعویٰ نہیں کرتا کہ سب کچھ ٹھیک ہو گیا ہے مگر بہتری اور تبدیلی کا آغاز ضرور ہو گیا ہے اب سرکاری ملازمتوں اورتبادلے و تقرری پیسوں پرنہیں بکتے، تھانوں اور پٹوار خانوں میں کوئی لوگوں سے رشوت لینے کی جرات نہیں کر سکتا ہسپتالوں میں مریضوں کو علاج معالجے کی سہولیات ملنے لگی ہیں سرکاری سکولوں کا نظام درست کیا جا رہا ہے پولیس میں سیاسی مداخلت بالکل ختم کر دی گئی اُنہوں نے کہا کہ یہ صوبائی حکومت کی سب سے بڑی کامیابی ہے کہ اس کی کابینہ کے کسی ممبر نے ملازمت ، تقرری، تبادلے یا کسی بھی کام کیلئے کسی سے رشوت نہیں لی اور اگر کسی کو رشوت لیتے پایا گیا تو وہ ہماری حکومت کا حصہ نہیں رہے گا گزشتہ دور حکومت میں ہر کام پیسے پر ہو تا تھا اورہر طرف رشوت کا بازار گرم تھا معاشرے خصوصا ً سرکاری مشینری کو کرپشن سے پاک کرنے اور لوگوں کو بہتر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے صوبائی حکومت کے قانون سازی کا تذکرہ کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ احتساب کمیشن ، خدمات تک رسائی ، بلدیاتی نظام اور اطلاعات تک رسائی کے قوانین صوبائی حکومت کی نمایاں کامیابیاں ہیں جن سے نچلی سطح پر لوگوں کو بااختیار بنانے ، شفافیت کو یقینی بنانے ، لوگوں کو بہتر خدمات کی فراہمی او بد عنوانیوں کے راستے روکنے میں بہت زیادہ مدد ملے گی وزیر اعلیٰ نے مختصر عرصے میں خود کفالت سکیم کے اجراء کو ممکن بنانے پر بینک آف خیبر کی انتظامیہ کی کارکردگی اور شبانہ روز کوششوں کی تعریف کی آخر میں وزیر اعلیٰ نے صوبے کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے درخواست دہندگان میں قرضوں کے خطوط تقسیم کرکے سکیم کا باقاعدہ افتتاح کیا ۔

متعلقہ عنوان :