نجم سیٹھی کی تقرری سے ان کے بارے میں 35پنکچر لگانے والی بات کو تقویت ملی ہے ‘ سید منور حسن،ذکاء اشرف کو ” بگ تھری“ کیخلاف ڈٹ جانے کی سزا دی گئی ،وزیر اعظم کھیل کو کھیل رہنے دیں ‘ امیر جماعت اسلامی

بدھ 12 فروری 2014 20:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12 فروری ۔2014ء) امیر جماعت اسلامی سید منورحسن نے نواز شریف کی طرف سے ذکاء اشرف کو ہٹا کر نجم سیٹھی کوچیئرمین کرکٹ بورڈمقرر کرنے کے فیصلے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ذکاء اشرف کو ” بگ تھری“ کے خلاف ڈٹ جانے کی سزا دی گئی ہے۔ اپنے بیان میں سیدمنورحسن نے کہاہے کہ وزیراعظم نے ایک غیر جمہوری انداز اختیار کرتے ہوئے ایک ایسے شخص کو چیئرمین کرکٹ بورڈ مقرر کیا ہے جسے بگ تھری کا حامی تصور کیا جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ حکمرانوں نے پہلے سیاست کو کھیل بنارکھاتھا اور اب کھیل کو سیاست بنا لیا ہے ۔ ذکاء اشرف کو عدالت نے بحال کیا تھا ، میاں نوازشریف نے اسے ہٹانے کے لیے کرکٹ کا آئین ہی معطل کر دیا اور کرکٹ ایمرجنسی نافذ کر دی ۔انہوں نے کہا کہ نجم سیٹھی کی تقرری سے ان کے بارے میں 35پنکچر لگانے والی بات کو تقویت ملی ہے ۔وزیر اعظم کا منصب قطعاًان کو یہ اجازت نہیں دیتا کہ وہ جس کو چاہیں کان سے پکڑ کر گھر بھجوادیں اور جسے چاہیں اعلیٰ منصب پر فائز کردیں ،اس طرح کے فیصلوں سے کرکٹ کو سخت نقصان پہنچے گا اور ہر جگہ ماہرین کی بجائے خوشامدی اکٹھے ہوجائیں گے۔سید منورحسن نے کہا کہ نواز شریف کھیل کو کھیل رہنے دیں اسے سیاست کی نذر نہ کریں۔