ترشاوہ پھلوں کی برداشت کے بعد پودوں کی مناسب کانٹ چھانٹ کی جائے ،محکمہ زراعت کی ہدایت

بدھ 12 فروری 2014 17:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12فروری 2014ء)محکمہ زراعت پنجاب نے ترشاوہ پھلوں کے باغبانوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پھلوں کی برداشت کے بعد پودوں کی مناسب کانٹ چھانٹ کریں۔ کانٹ چھانٹ کے دوران غیر ضروری، بیمار اور سوکھی ٹہنیاں کاٹ کر وہاں نیلے تھوتھے اور چونے کا محلول بنا کر لگا دیں یا پھر کسی مناسب پھپھوندکش زہر کا سپرے کریں۔ باغ میں گرا ہوا تمام پھل اکٹھا کر کے ضائع کر دیں اور روٹاویٹر چلا کر تمام سبزہ زمین میں ملا دیں۔

(جاری ہے)

پودوں میں محکمہ زراعت (توسیع و پیسٹ وارننگ) کی سفارشات کے مطابق کھادوں کا استعمال کریں۔ نظامت زرعی اطلاعات پنجاب کے مطابق نائٹروجنی کھاد پودے کی بڑھوتری، پھل کے سائز، کھٹاس اور مٹھاس کے امتزاج کو بہتر رکھتے ہوئے پھل کی خاصیت پر مثبت اثر ڈالتی ہے۔ فاسفورسی کھادیں ترشاوہ پھلوں کے چھلکے کو موٹا اور بھدا ہونے سے بچانے کے علاوہ کیٹرے کو کنٹرول کرنے میں بھی مفید ہوتی ہیں۔پوٹاش کھاد پھل کی خاصیت پر اچھا اثر ڈالنے کے علاوہ بیماریوں کے خلاف و دیگر ناموافق موسمیاتی تبدیلیوں کے سلسلہ میں پودوں میں قوت برداشت بڑھاتی ہے۔ پوٹاش کے استعمال سے پھل کا سائز بہتر رہتا ہے، پھل کی مٹھاس بڑھتی ہے۔