وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی شمع سینماء دھماکے کی مذمت،جاں بحق افراد کے ورثاء کے لئے پانچ پانچ لاکھ ،زخمیوں کیلئے دودولاکھ معاوضے کااعلان

منگل 11 فروری 2014 23:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11 فروری ۔2014ء) خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے پشاور میں شمع سنیما کے اندر بم دھماکوں میں شہید ہر فرد کے ورثاء کیلئے پانچ پانچ لاکھ اور زخمیوں کیلئے دو دو لاکھ روپے معاوضے کا اعلان کیا ہے انہوں نے کہا کہ اگرچہ شہداء پیکج کے تحت معمولی رقم قیمتی انسانی جان کا نعم البدل نہیں ہو سکتی مگر صوبائی حکومت اور عوام کی طرف سے متاثرین کے دکھ میں شرکت اور یکجہتی کی علامت ہے اُنہوں نے دھماکوں کی شدید ترین مذمت کرتے ہوئے اس بزدلانہ اور وحشیانہ کاروائی پر انتہائی افسوس کا اظہار کیا ہے اور سینما گھروں میں دہشت گردی کے دوسرے افسوسناک واقعے کو ملک دشمن عناصر کی کاروائی قرار دیا ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ثابت ہو گیا ہے کہ ہمارے قومی دشمن ہمیں امن قائم کرنے کے قابل نہیں بنانا چاہتے اور امن مذاکرات کو سبوتاژ کرکے پاکستان میں انارکی پھیلانا چاہتے ہیں جب بھی ملک کے اندر مذاکرات کی فضاء بنتی ہے اس طرح کی دہشت گردی ہو جاتی ہے انہوں نے کہا کہ ایسے نازک موقع پر جبکہ حکومت اور طالبان کے مابین امن مذاکرات انتہائی سنجیدہ مرحلے پر ہیں ایسی انسانیت سوز دہشت گردی امن مخالف اور ملک و قوم دشمن قوتیں ہی کر سکتی ہیں تاکہ امن مذاکرات شروع میں ہی ناکام ہوجائیں مگر ایسا نہیں ہو گا اُنہوں نے صوبائی وزراء، مقامی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ حکام سے رابطہ کرکے انہیں ریسکیو کاروائی میں حصہ لینے، مقامی ہسپتالوں میں ایمرجنسی لگانے، پولیس حکام کوان دھماکوں کی تحقیقات اور آئندہ ایسے اندوہناک واقعات کے تدارک کیلئے موثر اقدامات کی ہدایتکی اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ۔