امریکہ کیساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ، وزیر اطلاعات پرویز رشید ،دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی عظیم قربانیوں کو تسلیم کیا جانا چاہئے ،صدر اوباما کی دعوت پر وزیراعظم نواز شریف کا دورہ امریکہ دونوں ملکوں کے درمیان بہتر تعلقات کا عکاس ہے ، ذرائع ابلاغ پاک امریکہ تعلقات میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں ، امریکی میڈیا وفد سے گفتگو

منگل 11 فروری 2014 22:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11 فروری ۔2014ء) وزیراطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ امریکہ کیساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی عظیم قربانیوں کو تسلیم کیا جانا چاہئے ،صدر اوباما کی دعوت پر وزیراعظم نواز شریف کا دورہ امریکہ دونوں ملکوں کے درمیان بہتر تعلقات کا عکاس ہے ، ذرائع ابلاغ پاک امریکہ تعلقات میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

وہ منگل کو یہاں آئی سی ایف جے کے زیراہتمام امریکی میڈیا وفد کے ساتھ ملاقات کے دوران بات چیت کررہے تھے وفد کی قیادت آئی سی ایف جے کے پروگرام ڈائریکٹر بابر تیمور کر رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان امریکا کے ساتھ باہمی اعتماد و احترام کی بنیاد پر تعلقات کو وسعت دینا چاہتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ صدر بارک اوباما کی دعوت پر وزیراعظم محمد نواز شریف کا حالیہ دورہ مشترکہ مفادات کو فروغ دینے کیلئے دونوں ممالک کی کمٹمنٹ کا اظہار ہے۔

پاکستان امریکا کے ساتھ اپنے تعلقات کی انتہائی قدر کرتا ہے اور ان تعلقات کو پاکستان کی خارجہ پالیسی کا ایک اہم جزو تصور کرتا ہے۔ وفاقی وزیر نے دونوں ممالک میں بہتر مفاہمت کیلئے ذرائع ابلاغ کے وفود کے تبادلوں کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ وفد نے پاکستان میں میڈیا کی آزادی کی تعریف کی اور ملک میں جمہوریت کے مزید فروغ کے خواہش کا اظہار کیا۔