ہنگو، ہینڈگرنیڈکو کھلونا سمجھ کر کھیلنے والے جاں بحق 6بچوں کے ورثاء کو 30لاکھ روپے کے چیکس جاری کردیئے گئے

منگل 11 فروری 2014 20:41

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11 فروری ۔2014ء)کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید جمال الدین شا ہ نے6جنوری 2014کو بابر میلہ ضلع ہنگو میں دہشت گردوں کی جانب سے ڈالے گئے ہینڈگرنیڈکو کھلونا سمجھ کر اس سے کھیلنے والے جاں بحق 6بچوں کے ورثاء کو 30لاکھ روپے کے چیکس جاری کرکے ڈپٹی کمشنر ہنگو کے حوالے کر دئیے ہیں۔ واضح رہے کہ مذکورہ دلخراش واقعہ میں بابر میلہ کے اذان گل کے 3بیٹے آصف (عمر 10سال)،عاشق(عمر 8سال)اور اسحاق(عمر 7سال)،جاوید کے 2بیٹے حضرت(عمر 7سال)،محب (عمر 4سال)اور ایک بیٹی زکیہ بی بی (عمر 5سال)جاں بحق ہو چکی تھی ۔

(جاری ہے)

ان بدقسمت خاندانوں کا تعلق جیراب سمانہ اورکزئی ایجنسی سے تھا اور بابر میلہ میں حاجی کریم کے گھر میں آئی ڈی پیز کی حیثیت سے مقیم تھے ۔اس افسوس ناک واقعہ کی ہر سطح پر شدید مذمت کی گئی تھی اور حکومت سے اس گھناوٴنے فعل میں ملوث افراد کو گرفتار کرکے انہیں قرار واقعی سزادینے اور متاثرہ خاندانوں کو معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا گیاتھا۔کمشنر کوہاٹ نے حکومت خیبر پختونخوا کی ہدایت پر فوری طور پر 30لاکھ روپے کے6 چیکس جاری کئے اور متعلقہ حکام کو مجرموں کو جلد ازجلد گرفتار کرنے کے احکامات بھی دے دئیے ہیں ۔