پاکستان کو درپیش مشکلات سے نکالنے ، معاشی اور سیاسی مسائل پر قابو پانے کیلئے نتیجہ خیز وژن کی ضرورت ہے ،ڈاکٹر ثمر مبارک مند ،تمام مشکلات اور مسائل کے باوجود پاکستان نے سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں خاطر خواہ کامیابی حاصل کی ،پاکستان میں پائے جانیوالے معدنیات معیشت کیلئے کارآمد ثابت ہوسکتے ہیں، بروئے کار لا کر زرمبادلہ بھی کمایا جاسکتا ہے ، غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ ، سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی میں تقریب سے خطاب

منگل 11 فروری 2014 20:41

صوابی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11 فروری ۔2014ء) پاکستان کے نامور سائنسدان ڈاکٹر ثمر مبارک مند نے کہا ہے کہ پاکستان کو درپیش مشکلات سے نکالنے ، معاشی اور سیاسی مسائل پر قابو پانے کے لئے ایک نتیجہ خیز وژن کی اشد ضرورت ہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی میں سوسائٹی آف مکینکل انجینئرز آف پاکستان جی آئی کے انسٹیٹیوٹ چیپٹر کی اختتامی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی اپنے خطاب میں کیا جس میں مختلف یونیورسٹیوں سے تعلق رکھنے والے سکالر ز اور طلبہ نے بھی شرکت کی۔

ڈاکٹر ثمر مبارک مند نے اپنے خطاب میں کہا کہ تمام تر مشکلات اور مسائل کے باوجود پاکستان نے سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں خاطر خواہ کامیابی حاصل کی ہے۔

(جاری ہے)

مجھے امید ہے کہ جو پاکستانی دُنیا کے مختلف ممالک میں کام کر رہے ہیں وہ ایک دن ضرور اپنے وطن عزیز کو واپس لوٹیں گے۔اور اپنے ملک کی خدمت کر تے ہوئے اس کو مختلف شعبوں میں خوشحالی اور کامرانی سے ہمکنار کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی معیشت کو مستحکم بنانے کے لئے کئی اقدامات کر نے ہونگے انہوں نے پاکستان میں پائے جانے والے مختلف معدنیات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ معدنیات پاکستان کی معیشت کے لئے کار آمد ثابت ہو سکتے ہیں جب کہ ان معدنیات کو بروئے کار لانے سے ملک کافی زر مبادلہ بھی کما سکتا ہے جب کہ ان معدنیات سے بنے ہوئے مختلف قسم کے اشیاء بھی باہر ممالک بھیج دیئے جاسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تھر پاؤر پراجیکٹ سے اس سال کے آخر تک بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی جو ملک میں انرجی کے بحران پر قابو پانے کے لئے ایک بڑا اقدام ثابت ہو گا۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمدعابد نے اپنے خطاب میں ڈاکٹر ثمر مبارک مند کو خراج تحسین پیش کر تے ہوئے ان کی ملک کے لئے خدمات کو سراہا سوسائٹی کے کواڈنیٹر احمد نبی نے بھی اپنے خیالات کااظہار کیا جب کہ تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر ثمر مبارک مند نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں سرٹیفکیٹ اور شیلڈ ز تقسیم کئے۔