کراچی اسٹاک ایکسچینج میں مندی،سرمایہ کاری مالیت میں 6ارب 76کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ،مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 14.80پوائنٹس کمی سے 26240.41پوائنٹس پر بند ہوا

منگل 11 فروری 2014 19:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11 فروری ۔2014ء) کراچی اسٹاک ایکسچینج میں مندی کا تسلسل جاری ،کاروباری ہفتے کے دوسرے روز منگل کو بھی اتار چڑھاوٴ کے بعد مندی رہی تاہم کے ایس ای 100انڈیکس 26200کی نفسیاتی حد پر برقرار رہا۔سرمایہ کاری مالیت میں 6ارب 76کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ ،کاروباری حجم گزشتہ روز کی نسبت 22.45فیصد کم جبکہ52.67فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ۔

حکومتی مالیاتی اداروں ،مقامی بروکریج ہاوٴسز سمیت دیگر انسٹی ٹیوشنز اور مقامی سرمایہ کار گروپوں کی جانب سے بینکنگ ، ،آئل ،فرٹیلائزر سیکٹر میں خریداری کے باعث کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا۔ ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100انڈیکس 26374پوائنٹس کی بلند سطح پر بھی ریکارڈ گیا تاہم سندھ حکومت اور ایم کیو ایم کے درمیان بگڑتی ہوئی صورت حال کے پیش نظر مقامی سرمایہ کار گروپ تذبذب کا شکار نظر آئے اور اپنے حصص فروخت کرنے کو ترجیح دی جس کے نتیجے میں تیزی کے اثرات زائل ہوگئے اور ایس ای 100انڈیکس 26108پوائنٹس کی نچلی سطح پر بھی دیکھا گیا۔

(جاری ہے)

تاہم مارکیٹ کے آخری لمحات کے دوران ایک بار پھر غیر ملکی سرمایہ کار مارکیٹ میں سرگرم نظر آئے ،جس کی وجہ سے مندی کی شدت میں کمی آئی اور کے ایس ای 100انڈیکس 26200پوائنٹس کی نفسیاتی حد ایک بار پھر عبور کرگیا ۔تاہم اتار چڑھاوٴ کا سلسلہ سارا دن جاری رہا ۔مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 14.80پوائنٹس کمی سے 26240.41پوائنٹس پر بند ہوا ۔مجموعی طور پر 393کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا ،جن میں سے 167کے کمپنیوں کے بھاوٴ میں اضافہ ،209کمپنیوں کے بھاوٴ میں کمی جبکہ 17کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا ۔

سرمایہ کاری مالیت میں 6ارب 76کروڑ 5لاکھ 15ہزار 982روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر 63کھرب 82رب 70کروڑ 76لاکھ 96ہزار 436روپے ہوگئی ۔منگل کو کاروباری سرگرمیاں 22کروڑ 29لاکھ 59ہزار 640شیئرز رہیں جو پیر کے مقابلے میں6کروڑ 45لاکھ 53 ہزار710شیئرز کم ہیں ۔قیمتوں کے اتار چڑھاوٴ کے حساب سے رفحان میظ کے حصص سرفہرست رہے ،جس کے حصص کی قیمت 318.25روپے اضافے 6683.25روپے سیمنس پاکستان کے حصص کی قیمت 63.00روپے اضافے 1323.00روپے پر بند ہوئی ،نمایاں کمی نیسلے پاکستان کے حصص میں ریکارڈ کی گئی جس کے حصص کی قیمت 114.00روپے کمی سے 10182.50روپے جبکہ آئس لینڈ ٹیکسٹائل کے حصص کی قیمت 74.90روپے کمی سے 1423.25روپے پر بند ہوئی ۔

منگل کو جہانگیر صدیقی کی سرگرمیاں 4کروڑ 8لاکھ 43ہزار500 شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہیں جس کے شیئرز کی قیمت 83پیسے کمی سے 12.80روپے ،لافریج پاک کی سرگرمیاں 1کروڑ 96لاکھ 4ہزار شیئرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں جس کے شیئرز کی قیمت 73پیسے اضافے سے 10.97روپے ہوگئی ۔کے ایس ای 30انڈیکس 24.71پوائنٹس کمی 18961.79پوائنٹس ،کے ایم آئی 30انڈیکس 33.99پوائنٹس کمی سے 43439.86جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 16.41پوائنٹس اضافے 19571.31پوائنٹس پر بند ہوا ۔