الطاف حسین کا آصف زرداری کو فون ،کارکنان کے قتل سے آگاہ کیا

منگل 11 فروری 2014 19:13

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11فروری۔2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین اورسابق صدر آصف زرداری کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ہے، دونوں رہنماؤں نے ایم کیوایم کے کارکنوں کے ساتھ رینجرز اورپولیس کے غیرانسانی طرزعمل پر بات چیت کی۔ ایم کیوایم کے اعلامیے کے مطابق الطاف حسین نے آصف زرداری کو کارکنان کے ماورائے عدالت قتل ، غیرقانونی گرفتاریوں، حراست کے دوران ان پر انسانیت سوز تشددکے واقعات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم کے 45 کارکن لاپتا ہیں، چھاپے مارکر بزرگوں اور نوجوانوں کو گرفتارکیا جارہا ہے بلکہ گرفتارشدگان سے ایم کیوایم شعبہ خواتین کی کارکنان کے نام پتہ معلوم کئے جارہے ہیں ۔ آصف علی زرداری نے الطاف حسین سے کہاکہ وہ پولیس کے طرزعمل پر معذرت خواہ ہیں اور وزیراعلیٰ سندھ کو تاکید کریں گے کہ غیرقانونی اورغیرانسانی فعل میں ملوث اہلکاروں کیخلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ سندھ میں رہنے والے سب سندھی ہیں ، سب کو مل جل کرسندھ کی ترقی وخوشحالی کیلئے جدوجہد کرنی چاہیے۔