پشاور ، شمع سینما میں تین دھماکے ، گیارہ افراد جاں بحق ، متعدد زخمی ، بعض کی حالت نازک ،ہلاکتوں میں اضافہ کاخدشہ ،دھماکے کے باعث سینما کے اندر اسکرین اور سیٹوں کو شدید نقصان پہنچا ،عمارت بھی متاثر ہوئی ،سینما انتظامیہ کو کئی بار سکیورٹی اقدامات اٹھانے کے لئے متنبہ کیا گیا تھا ، کیپٹل سٹی پولیس اعجاز خان ، دہشت گردوں نے سنیما گھر کے اندر داخل کر دستی بموں سے حملے کیے ، سی سی پی او پشاور کی گفتگو

منگل 11 فروری 2014 18:38

پشاور ، شمع سینما میں تین دھماکے ، گیارہ افراد جاں بحق ، متعدد زخمی ..

پشاور/اسلام آباد(رحمت اللہ شباب۔اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11 فروری ۔2014ء) صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں شمع سینما میں ہونے والے تین دھماکوں کے نتیجے میں 11افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ،زخمیوں میں بعض کی حالت نازک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافہ کاخدشہ ہے ،دھماکے کے باعث سینما کے اندر اسکرین اور سیٹوں کو شدید نقصان پہنچا ،صدر ممنون حسین ،وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر اعلیٰ خیبر پختون نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کوبہترین طبی سہولیات فراہم کر نے کی ہدایت کی ہے جبکہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ۔

منگل کو پولیس کے مطابق سینما میں تین چینی ساختہ ہینڈ گرینیڈ سے دھماکے کئے گئے شمع سینما میں پشتو فلم یارانہ کی نمائش جاری تھی جب یکے بعد دیگرے تین دھماکے ہوئے اس وقت سنیمامیں 100 کے قریب فلم بین موجود تھے۔

(جاری ہے)

لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ترجمان جمیل شاہ نے بتایا کہ دھماکے سے جاں بحق ہونے والے 11 افراد کی لاشیں ہسپتال میں موجود ہیں زخمیوں میں 6 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔

کیپٹل سٹی پولیس اعجاز خان کے نے جائے وقوعہ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شمع سینما میں تین دھماکے ہوئے ہیں جس کے لئے چینی ساختہ ہینڈ گرینیڈ استعمال کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی جانب سے سینما انتظامیہ کو کئی بار سکیورٹی اقدامات اٹھانے کے لئے متنبہ کیا گیا تھا تاہم انتظامیہ نے اس پر عمل درآمد نہیں کیااعجاز احمد کا کہنا ہے کہ ایک بم سے سینما کے اگلے حصے جبکہ دو سے پچھلے حصے کو نشانہ بنایا گیا ،دھماکے کے باعث سینما کے اندر اسکرین اور سیٹوں کو شدید نقصان پہنچا جبکہ عمارت بھی کافی متاثر ہوئی ادھر شمع سینما کے حکام کا کہنا ہے کہ انہیں ابھی تک اس حوالے سے کوئی دھمکی نہیں ملی تھی ادھر سی سی پی او پشاور کا دھماکے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ پکچر ہاوٴس سینما میں دھماکے کے بعد تمام سینما مالکان کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے احکامات جاری کر دیئے تھے اور سینما گھروں کی سیکیورٹی بھی بڑھا دی گئی تھی۔

سی سی پی او نے بتایا کہ دہشت گردوں نے سنیما گھر کے اندر داخل کر دستی بموں سے حملے کیے ۔حکام نے واقعہ میں ہلاکتوں کی تصدیق بھی کی سی سی پی او پشاور نے کہا کہ سینما میں سی سی ٹی وی کیمرے تو لگے ہوئے ہیں تاہم یہ بھی ہدایت جاری کی گئی تھی کہ اندر جانے والے تمام افراد میٹل ڈیٹیکٹر کی مدد سے چیک کیا جائے ادھر بم ڈسپوزل سکواڈ اور بم ڈسپوزل یونٹ کے شواہد کے مطابق دھماکوں میں تین چینی ساخت کے دستی بم استعمال کیے گئے ،قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

دوسری جانب صدر مملکت ممنون حسین ، وزیر اعظم نواز شریف اورزیر اعلی خیبر پختون پرویز خٹک نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کو طبی سہولیات فراہم کر نے کی ہدایت کی ہے وزرائے اعلیٰ شہباز شریف ، پرویز خٹک ،ڈاکٹر عبد المالک ، سید قائم علی شاہ ، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ ، صدر آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب ، وزیر اعظم آزاد کشمیرچوہدری عبد المجید ، گور نر پنجاب چوہدری سرور ، گور نر سندھ عشرت العباد ، گور نر بلوچستان محمدخان اچکزئی ، گور نر صوبہ خیبرپختون خوا شوکت اللہ انجینئر ، چیئر مین سینٹ سید نیئر حسین بخاری ، ڈپٹی چیئر مین صابر بلوچ ، سپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق ، وفاقی وزراء چوہدری نثار علی خان ، سینیٹر پرویز رشید ، سینیٹر اسحاق ڈار ، خواجہ سعدرفیق ، شاہد خاقان عباسی ، خرم دستگیر ، اکرم خان درانی ، ایم کیو ایم کے قائد ا لطاف حسین ، پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زر داری ، سابق صدر آصف علی زر داری ، عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما اسفند یار خان ولی اور تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان ، شیعہ علماء کونسل کے مرکزی رہنما سید ساجد نقوی ، مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین ، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی ، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد سمیت متعدد سیاسی و مذہبی رہنماؤں نے پشاور سینیما میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ادھر وزیراعلی خیبرپختونخواپرویزخٹک نے دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے کو دہشت گردی کی انتہائی انسانیت سوز کارروائی قراردیا ہے دوسری جانب خیبرپختونخوا کے گورنر انجینئرشوکت اللہ نے منگل کے روز پشاور کے ایک سینما میں بم دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانی نقصان پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔

گورنرنے اس المناک واقعے کو دہشت گردی کی انتہائی انسانیت سوز کارروائی قراردیا اور اس یقین کا اظہارکیا کہ ملوث عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے اور انہیں قرار واقعی سزا دلائی جائیگی۔ گورنرنے جاں بحق افراد کے مغفرت اور پسماندگان کو یہ ناقابل تلافی نقصان صبروحوصلے سے برداشت کرنے کی توفیق کیلئے دعاکی ہے۔انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان نے آئی جی خیبرپختونخوا سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

متعلقہ عنوان :