ڈرون حملے کے متاثر شخص کریم خان کو نامعلوم افراد نے راولپنڈی سے اغوا کر لیا ہے ،بین الاقوامی تنظیم

منگل 11 فروری 2014 14:16

لندن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11فروری 2014ء) بین الاقوامی تنظیم ریپریونے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی ڈرون طیارے کے حملے سے متاثر ہونے والے کریم خان کو نامعلوم افراد نے پانچ فروری کو اسلام آباد سے متصل شہر راولپنڈی سے اغوا کر لیا ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق کریم خان نے 15 فروری کو یورپی پارلیمنٹ کے سامنے ڈرون حملے کی تفصیلات بیان کرنا تھیں۔

ریپریو کے مطابق کریم خان کے اہل خانہ پانچ فروری کو 15 سے 20 افراد راولپنڈی میں واقع ان کے مکان پر آئے اور ان کو زبردستی ساتھ لے گئے۔اہلِ خانہ کے مطابق یہ نامعلوم افراد پولیس کی وردی اور سادہ لباس پہنے ہوئے تھے۔ریپریو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کریم خان کے اہلِ خانہ نے کئی بار پولیس سے رابطہ کیا تاہم کریم خان کے بارے میں کوئی معلومات نہیں دی گئیں۔

(جاری ہے)

کریم خان نے 15 فروری کو یورپی پارلیمنٹ کے سامنے پیش ہونا تھا جہاں انہوں نے جرمن، ولندیزی اور برطانوی ممبران پارلیمنٹ کو ڈرون حملے کے بارے میں مطلع کرنا تھا۔کریم خان نے ممبران پارلیمنٹ کو فری لانس صحافی کی حیثیت سے دیگر ڈرون حملوں کے بارے میں کی گئی تحقیقات سے بھی آگاہ کرنا تھا۔کریم خان کے وکیل اور فاوٴنڈیشن فار فنڈامنٹل رائٹس کے ڈائریکٹر شہزاد اکبر نے ایک بیان میں کہا کہ یہ شرمناک بات ہے کہ نواز شریف نے پاکستان کو پولیس سٹیٹ بننے کی اجازت دے رکھی ہے جہاں کسی بھی شہری کو بنیادی حقوق حاصل نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ کریم خان نہ صرف خودہ متاثر ہیں بلکہ ڈرون حملوں میں ہلاک ہونے والے کئی افراد کی آواز بھی ہیں۔

متعلقہ عنوان :