لاہور‘سیاسی اثر و رسوخ اور پیسے کے بل بوتے پر تعینات ہونیوالے سب رجسٹرار اور رجسٹری محروں کی طرف سے مبینہ کرپشن کا انکشاف

منگل 11 فروری 2014 13:07

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11فروری 2014ء) پنجاب کی مختلف تحصیلوں میں سیاسی اثر و رسوخ اور پیسے کے بل بوتے پر تعینات ہونیوالے سب رجسٹرار اور رجسٹری محروں کی طرف سے مبینہ طور پر سائلوں سے بھاری رشوت لینے ،رجسٹریو ں میں غیر قانونی سٹیمپ پیپرز ،ویلیو سے کم گین ٹیکس، سی وی ٹی ،ٹی ایم اے فیس وصول کرکے اور رہائشی جائیداد کو زرعی جائیداد ظاہرکرکے حکومتی خزانے کو کروڑوں روپے کا ٹیکہ لگانے کا انکشاف ہوا ہے ،حکومت کی ہدایت پر مختلف اضلاع کے ڈی سی اوز نے نے اپنی متعلقہ تحصیلوں میں سب رجسٹرار اور رجسٹری محروں کی طرف سے کی گئی رجسٹریوں کے آڈٹ کرانے کے کام کا آغاز کردیا ۔

ذرائع کے مطابق حکومت کی طرف سے اقدامات اٹھائے جانے کے بعد تحصیل فیروز والہ ضلع شیخوپورہ میں یکم جنوری 2013سے لیکر 31دسمبر 2013تک کی رجسٹریوں کے بارے میں ہونے والے آڈٹ کی رپورٹ ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب اور سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو لاہور کو موصول ہوگئی ہے جس میں سب رجسٹرار تحصیل فیروز والہ کے غیر قانونی اور اختیارات سے تجاوز کرنے کی وجہ سے 63مختلف ڈاکومنٹس میں حکومتی خزانہ کو 19لاکھ روپے سے زائد کا نقصان پرپہنچایا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

جس پر سب رجسٹرار کی جواب طلبی کی گئی ہے لیکن اسے تاحال اسکے عہدہ سے تبدیل نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے حکومتی خزانہ کو مذید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے ۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب کو موصول ہونے والی آڈٹ رپورٹ کے مطابق تحصیل فیروز والہ کے سب رجسٹرار نے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے اپنے غیر قانی اقدامات سے حکومتی خزانہ کو 19لاکھ روپے سے زائد کا نقصان پرپہنچایا ۔

انہوں نے سال 2013کے دوران ہونے والی رجسٹریو ں میں غیر قانونی سٹیمپ پیپرز کے استعمال کی اجازت دی،مختلف رجسٹرڈ سیلز ڈیڈ میں گین ٹیکس ،سی وی ٹی ،ٹی ایم اے فیس ویلیوایشن ٹیبل کے مطابق وصول نہ کی۔ رہائشی مقصد کے لئے ٹرانسفر کی گئی جائیدادپر گورنمنٹ ڈیوز زرعی جائیدادکے ویلیو ایشن ٹیبل کے مطابق وصول کیئے گئے ۔دو اضلاع شیخوپورہ اور لاہور کے لئے رجسٹرڈ کی گئی ایکسچینج ڈیڈ کی رجسٹریشن کے لئے ڈسٹرکٹ کلکٹر سے اجاز ت نہیں لی گئی جبکہ پہلے انڈسٹریل مقاصد کے لئے ٹرانسفر ہونے والی زمین کو زرعی زمین ظاہر کرکے کم گورنمنٹ ڈیو ز وصول کئے گئے ۔

قانون کے مطابق دونوں زمینوں کی ویلیو پر ٹیکس وصول کیا جانا چاہیے لیکن سب رجسٹرار نے صرف ایک طرف کی زمین کی ویلیو کے مطابق ٹیکس وصول کیا ۔حکومت نے سب رجسٹرار تحصیل فیروز والہ سے نہ صرف اسکے غیر قانونی اقدامات جس سے حکومتی خزانہ کو بھاری نقصان پہنچا نے سے متعلق وضاحت طلب کی ہے بلکہ اسے ایک ہفتے کے اندر اندر 19لاکھ روپے سے زائد رقم خزانہ میں جمع کروانے کی ہدایت کی ہے ۔

پیسے جمع نہ کروانے کی صورت میں ڈسپلنری ایکشن کی کاروائی کی دھمکی دی گئی ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلع شیخوپورہ کی تحصیل شیخوپورہ ،شرقپور ،مریدکے،فیروزوالہ کے علاوہ صوبے کی دیگر تحصیلوں میں بھی رجسٹری محرر اور سب رجسٹرار مبینہ طورپر سیاسی بنیادوں تعینات ہوئے ہیں اورشیخوپورہ ، فیروز والہ ،فیصل آباد ،ملتان ،گوجرانوالہ ،ساہیوال ،سیالکوٹ ،قصور ،ننکانہ سمیت پنجاب بھر کی مختلف تحصیلوں میں سیاسی بنیادوں پر تعینات ہونے والے رجسٹری محرر اور سب رجسٹرار حکومتی خزانہ کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا رہے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :