سندھ فیسٹول سے سندھ کی ثقافت اور ورثے کو اجاگر کرنے میں مدد ملی ہے اور اس فیسٹول کو دنیا بھر میں سراہا گیا ہے،بلاول بھٹو

منگل 11 فروری 2014 13:05

سندھ فیسٹول سے سندھ کی ثقافت اور ورثے کو اجاگر کرنے میں مدد ملی ہے اور ..

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11فروری 2014ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ سندھ فیسٹول سے سندھ کی ثقافت اور ورثے کو اجاگر کرنے میں مدد ملی ہے اور اس فیسٹول کو دنیا بھر میں سراہا گیا ہے ۔وہ گزشتہ شب ڈیفنس میں واقع مقامی سینما میں سندھ فیسٹول کے تحت دو روزہ سندھ انٹرنیشنل فلم فیسٹول افتتاح کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے۔

اس موقع پر پیپلزپارٹی کے رہنما اور رکن سندھ اسمبلی سید اویس مظفر اور بھارتی اداکارہ شبانہ اعظمی اور دیگر بھی موجود تھے ۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس طریقے کے فیسٹول کے انعقاد سے عوام کو جہاں تفریحی کے مواقع ملیں گے وہاں ثقافت کو اجاگر کرنے کے مواقع بھی میسر آئیں گے ۔بھارتی اداکارہ شبانہ اعظمی نے کہا کہ دورہ پاکستان کے دوران مجھے بہت محبتیں ملی ہیں اورسندھ فیسٹول کا انعقاد ایک اچھی کوشش ہے ۔

(جاری ہے)

ایسے فیسٹول کے انعقاد سے ثقافت کو اجاگر کرنے میں مدد ملے گی ۔انہوں نے سندھ فیسٹول کے انعقاد کو سراہا اور کہا کہ پاکستان اور بھارت میں رہنے والے والوں لوگوں کے درمیان محبتوں کے رشتے قائم ہیں اور ادبی و ثقافتی سرگرمیوں میں دونوں ممالک کے عوام کی شرکت سے تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہوگا ۔اس دو روزہ فیسٹول میں مختلف موضوعات پر 50فلمیں دکھائی جائیں گی ۔پہلی ،دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی فلموں کو سندھ فیسٹول کی اختتامی تقریب میں ایوارڈز دیئے جائیں گے ۔اس فیسٹول کی اختتامی تقریب کینجھر جھیل کے قریب منعقد ہوگی ۔