رحیم یارخان میں دھماکے سے تباہ کی گئی گیس پائپ لائنوں کی مرمت کاکام 48 گھنٹے میں مکمل کرلیا جائیگا ، شاہد خاقان عباسی ،پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ،وفاقی وزیر پٹرولیم کی میڈیا سے گفتگو

پیر 10 فروری 2014 23:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 فروری ۔2014ء) وفاقی وزیروزیر پیٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ رحیم یارخان میں دھماکے سے تباہ کی گئی گیس پائپ لائنوں کی مرمت کاکام 48 گھنٹے میں مکمل کرلیا جائیگا پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔ پیر کو میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر نے کہا کہ گھریلو صارفین کے سوا تمام شعبوں کو گیس کی سپلائی بند کر دی گئی ہے اورگھریلو صارفین کو بھی گیس کا کم پریشر مل رہا ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ گیس کی سپلائی بدر،قادر پور،پیرکو،زمزمہ،اور کنج میں متاثر ہوئی ہے۔سوئی نادرن سے 1 ارب 65 کروڑ مکعب فٹ گیس پنجاب کو سپلائی کی جارہی تھی جبکہ حادثے کے بعد اب گیس کی سپلائی 95 کروڑ 60 لاکھ مکعب فٹ رہ گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت گیس کی قلت پر قابو پانے کے لئے اقدامات کر رہی ہے اور اس سلسلے میں ایل این جی کی درآمد کے ساتھ ساتھ تیل و گیس کی دریافت کے لئے نئے لائسنس بھی جاری کئے گئے ہیں جن سے گیس کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئے گی۔

پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہم نے حالات کو دیکھتے ہوئے ایران سے منصوبے کی ڈیڈ لائن میں توسیع کے لئے لچک کی درخواست کی ہے۔ ایک سوا ل کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔