بھارت نے واہگہ کسٹمزاسٹیشن کی تعمیر مکمل کرلی ہے، جلد پاکستان کیساتھ راستے سے تجارتی سرگرمیوں کا آغاز ہوجائے گا،بھارتی ہائی کمشنر

پیر 10 فروری 2014 22:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 فروری ۔2014ء) بھارتی ہائی کمشنر ٹی سی راگھوان نے کہا کہ بھارت نے واہگہ کسٹمزاسٹیشن کی تعمیر مکمل کرلی ہے، بہت جلد پاکستان کے ساتھ اس راستے سے تجارتی سرگرمیوں کا آغاز ہوجائے گا۔پاکستان ریڈی میڈ گارمنٹس ایسوسی ایشن کے عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے واہگہ کے راستے گذرنے والے پاکستانی مال بردارٹرکوں پر کسی قسم کی پابندی عائد نہیں کررکھی، تاہم تجارتی رکاوٹوں کو دور کرنے کا فیصلہ حکومت کو ہی کرنا ہے۔

بھارتی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ پاکستانی برآمد ات کی مارکیٹنگ بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ ہندوستان میں پاکستانی مصنوعات کو فروغ دیا جاسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ چین نے انتہائی کم عرصے میں ہندوستان کی مارکیٹ میں اپنی جگہ بنالی ہے، بھارتی ہائی کمشنر نے کہا کہ تاجروں کے لیے ویزے کے مسائل کو بہت جلد حل کرلیا جائے گا، ممبئی میں ہونیوالی میڈ ان انڈیا نمائش کے موقع پر تاجروں کو ترجیحی بنیادوں پر ویزے جاری کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیئرمین پاکستان ریڈی میڈ گارمنٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین ارشد عزیز نے کہا کہ میڈ ان انڈیا نمائش کے لیے 70 فیصد اسٹالز کی بکنگ مکمل ہوچکی ہے۔ تاجروں کے بھرپور خواہش پرٹیکسٹائل مصنوعات کے علاوہ مینوفیکچرنگ شعبہ کے لیے بھی اسٹالزکی بکنگ کی جارہی ہے۔ انہوں نے بھارتی ہائی کمشنر سے درخواست کی کہ پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات پر سری لنکا اور نیپال کی طرح ٹیرف میں کمی کی جائے۔ تاجر برادری نے مطالبہ کیا کہ کم وقت میں ویزوں کا اجرا یقینی بنایا جائے۔

متعلقہ عنوان :