شہبازشریف نے لاہور کا نقشہ بدل دیا ،انکی مثالی کارکردگی دو سرے صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کے لیے قابل تقلید ہے ،صدر ممنون حسین،صدر ممنون حسین نے آمریت کے تاریک دنوں اور تاریک راتوں کے دوران جرات اور بہادری کا کردارادا کیا ،شہبازشریف،آمریت کے خاتمے کی جدوجہد اورجمہوریت کے استحکام میں عوام اور سیاسی کارکنوں نے جو کردار اداکیا وہ تاریخ کا سنہری باب ہے،وزیراعلیٰ کا صدر مملکت کے اعزاز میں عشائیہ،سپیکر قومی اسمبلی،گورنر پنجاب ،سپیکر پنجاب اسمبلی ،اراکین اسمبلی اور اعلی حکام کی شرکت

پیر 10 فروری 2014 22:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 فروری ۔2014ء) وزیراعلی محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ صدر مملکت سید ممنون حسین کی لاہور آمد پر پنجاب کابینہ ،اراکین اسمبلی اور پنجاب کے عوام کی جانب سے ان کا خیر مقدم کرتے ہیں،صدر مملکت کا عہدہ وفاق پاکستان کے اتحاد اور ہم آہنگی کی علامت ہے،آمریت کے خاتمے کی جدوجہد اورجمہوریت کے استحکام میں عوام اور سیاسی کارکنوں نے جو کردار اداکیا وہ تاریخ کا سنہری باب ہے ،صدر ممنون حسین نے آمریت کے تاریک دنوں اور تاریک راتوں کے دوران جرات اور بہادری کا کردارادا کیا ۔

ایوان صدرمیں ممنون حسین جیسی بہادر شخصیت کا ہونا تازہ ہوا کا جھونکا ہے۔ صدر ممنون حسین نے اپنے عمل سے جمہوری اقتدار کی پاسبانی کی اعلی مثال قائم کی ۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کااظہارایوان وزیراعلی میں صدر مملکت سید ممنون حسین کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق،گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور،سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال،صوبائی وزراء،اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور پنجاب کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

وزیراعلی محمد شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صدر مملکت سید ممنون حسین عہدہ سنبھانے کے لیے بعد پہلی بار پنجاب کے دل لاہور آئے ہیں۔لاہورپاکستان کا تہذیبی اور تاریخی مرکز ہے۔جمہوری عمل کے تسلسل کو یقینی بنانے میں سیاسی جماعتوں، میڈیا،سیاسی کارکنوں اورزندگی کے دیگر طبقات کا کردارقابل تعریف رہا ہے ۔ہماری خوش قسمتی ہے کہ صدر ممنون حسین جیسی شخصیت ایوان صدر میں موجودہے جنہوں نے ملک میں جمہوریت کے لیے بھر پور جدوجہد کی ہے اورآمریت کے جبر کے سامنے ڈٹ کر کھڑے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے صوبے میں یوتھ فیسٹیول کا آغاز کیا ہے ۔چیلنجز اور مشکلات کے باوجود نوجوانوں کو کھیلوں کی سرگرمیوں کے لیے بہترین ماحول فراہم کیاجارہا ہے اوریوتھ فیسٹیول کو زبر دست پذیرائی مل رہی ہے ۔پاکستان سمیت دنیا کے بہت سے ممالک سے ٹیمیں یوتھ فیسٹیول میں حصہ لے رہی ہے ۔مجھے آپ کی ٹیم ممبر کی حیثیت سے چین کے دورہ کا موقع مل رہا ہے ۔

میرا پختہ یقین ہے کہ صدر مملکت پاکستان کی ترقی، امن کے قیام اور ملک کا نام روشن کرنے میں اپنا بھر پور کردارادا کریں گے ۔ذہنی انتشار ،باہمی کشیدگی اور انتہا پسندی کے دور میں واصف علی واصف جیسی روحانی شخصیات کی تعلیمات عام کرنے کی ضرورت ہے ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر سید ممنون حسین نے کہا کہ مجھے لاہور آ کر انتہائی مسرت ہوئی ہے ۔

شہبازشریف نے لاہور کا نقشہ بدل دیا ہے ۔پورے ملک میں ان کی کارکردگی کی مثالیں دی جارہی ہیں ۔شہبازشریف کی مثالی کارکردگی دو سرے صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کے لیے قابل تقلید ہے ۔تعلیم،صحت ،امن وامان اوردیگر فلاحی منصوبوں پر شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے میٹروبس کا منصوبہ ریکارڈ مدت میں مکمل کیا ہے ۔

امید ہے کہ شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب اور ترقی کرے گااوردوسرے صوبوں کے لیے مثال بنتا جائے گا۔ہر شخص اپنی ذمہ داری نبھائے تو ملک ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوسکتا ہے ۔پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ دلانے پر گورنر چوہدری محمد سرور کی کاوشیں بھی لائق تحسین ہیں ۔ملک اللہ تعالیٰ کی نعمت ہے اور ہمیں مل کر اس کی حفاظت کرنی ہے ۔

وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک مشکلات سے نکل کر ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامز ن ہوگا۔اراکین پنجاب اسمبلی کا شکرگزار ہوں جن کے ووٹ صدر مملکت کے عہدے پر پہنچانے میں میرے معاون ثابت ہوئے۔یوتھ فیسٹیول کے کسی تقریب میں جب بھی بلایا جائے گاحاضر ہو جاؤں گا۔تقریب سے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے بھی خطاب کیا۔ بعدازاں وزیراعلی نے صدر مملکت کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا ۔