اسلام اپنے پیرو کاروں کے لئے تقویت اور رہنمائی کا بہت بڑا ذریعہ ہے ،کامیاب زندگی گزارنے کا راستہ ، تمام مسائل کا حل بتاتا ہے،انجینئر شوکت اللہ خان ،اسلام مکمل ضابطہ حیات ہے ،پختہ یقین ہے اسلام کی تعلیمات ہر زمانے کیلئے ہے ،گورنر خیبر پختونخوا کا تقریب سے خطاب

پیر 10 فروری 2014 20:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 فروری ۔2014ء) گورنر خیبر پختونخوا انجینئر شوکت اللہ خان نے کہا ہے کہ دنیا بھر سے دائرہ اسلام میں داخل ہونے والوں کی سرگزاشت جہاں مسلمانوں کے جوش و جذبہ کو تقویت دیتی ہے وہیں یہ اسلام کی لازوال اورحقیقی روح کو بھی فروغ دیتی ہے۔برطانیہ کے اسلام قبول کرنے والے باشندوں کی سرگزاشت پر مشتمل ” کہانی کی رات ستاروں کے ساتھ“ کی تقریب سے اسلام آباد میں خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ مسلمان اپنے نومولود بچوں کے کانوں میں اذان دیتے ہیں یہی وجہ ہے کہ ہر بچہ پیدائشی مسلمان ہوتا ہے۔

اس موقع پر ایک نو مسلم نے انکشاف کیا کہ یہ اذان کے آواز کی تاثیرہی تھی جس کی بدولت اس نے اسلام قبول کیا۔گورنر نے کہا کہ اسلام اپنے پیرو کاروں کے لئے تقویت اور رہنمائی کا بہت بڑا ذریعہ ہے جو ان کو ایک کامیاب زندگی گزارنے کا مکمل راستہ اور ان کے تمام مسائل کا حل بتاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے اور بحیثیت مسلمان ہمیں پختہ یقین ہے کہ اسلام کی تعلیمات ہر زمانے کے لئے ہے اور یہ تعلیمات اس کے پیرو کاروں کے لئے ہمیشہ روشن مینار کے طور پر کام کریں گی۔

تمام پانچ نو مسلموں نے اسلام قبول کرنے کے بارے میں اپنی سرگزاشت بیان کی جس پر سامعین نے اطمینان اور خوشی محسوس کی ۔ان نو مسلموں میں حمزہ,زورتزیز،جان فانٹین،قاری یعقوب اور یوسف چیمبر شامل تھے جن کا تعلق برطانیہ کے مختلف حصوں سے ہے۔تقریب میں ممبر قومی اسمبلی کرنل(ر) ڈاکٹر امیر اللہ مروت،کئی مسلم ممالک کے سفیروں اور مختلف مواقع پر اسلام قبول کرنے والے افراد کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

تقریب کا اہتمام الرحمن ویلفیئر آرگنائزیشن اور اس کے یوتھ کلب نے کیا تھا۔گورنر نے الرحمن ویلفیئر آرگنائزیشن کی غریبوں اور ضرورتمندوں خصوصاً دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں میں خدمات کو سراہا۔گورنر نے جسمانی اور روحانی طویل مسافت کرنے پر حمزہ زورتزیز،جان فانٹین،قاری یعقوب اور یوسف چیمبرز کو مبارکباد دی اور انہیں چھوٹے بھائیوں کے نام سے پکارا۔

گورنر نے کہا کہ ان کے خیالات متاثرکن ہیں انہوں نے نو مسلم بھائیوں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ اپنے آپ کو دائرہ اسلام میں پرسکون پائیں گے اورپاکستان کے عوام کی تاریخی مہمان نوازی سے لطف اندوز ہوں گے۔گورنر نے کہا کہ مسلمان آج جس مشکل دور سے گزر رہے ہیں یہ ایک عارضی امتحان ہے جو بہت جلد گزر جائے گا۔انہوں نے الرحمن ویلفیئر آرگنائزیشن کے لئے اپنی جانب سے5لاکھ روپے کا عطیہ بھی دیا۔

متعلقہ عنوان :