ذکا اشرف برطرف ، نجم سیٹھی چیئرمین پی سی بی منتخب، چارج سنبھال لیا ، چیئرمین پی سی بی کی حیثیت سے میرا انتخاب آئین کے مطابق ہے ، نجم سیٹھی

پیر 10 فروری 2014 19:30

ذکا اشرف برطرف ، نجم سیٹھی چیئرمین پی سی بی منتخب، چارج سنبھال لیا ، ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10فروری۔2014ء) نجم سیٹھی نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ پی سی بی چیئرمین آفس میں نام کی تختی بھی تبدیل کر دی گئی۔ نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ کمیٹی کے تمام اراکین نے مجھے پاکستان کرکٹ بورڈ کا چیئرمین منتخب کیا ہے۔ مجھے پی سی بی کے آئین کے تحت منتخب کیا گیا۔ لاہور میں قذافی سٹیڈیم کے باہر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے نو منتخب چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ کمیٹی کے تمام اراکین نے مجھے ایس ایم ایس اور ای میل کے ذریعے پاکستان کرکٹ بورڈ کا چیئرمین منتخب کیا ہے۔

چیئرمین پی سی بی کی حیثیت سے میرا انتخاب آئین کے مطابق ہے۔ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے آئین کے تحت اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے کمیٹی بنائی ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کرکٹ بورڈ کی انتظامی کمیٹی کا اجلاس کل ہوگا۔ حکومتی نوٹی فیکیشن کے بعد کمیٹی کے کچھ اراکین لاہور آ گئے ہیں جبکہ باقی کل آئیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق چیئرمین پی سی بی ذکاء اشرف کے دور میں بگ تھری کیخلاف کیس درست طریقے سے نہیں لڑا گیا۔

ان تمام معاملات کو اب درست کرنا پڑے گا۔ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ہمیں کہا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا نیا آئین بنایا جائے۔ تمام سٹک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کرکے پی سی بی کا آئین بنائیں گے۔ اب ہمیں مکمل اختیارات ملے ہیں۔ میڈیا کو کام کرکے دکھائیں گے۔ دوسری جانب پی سی بی کے رکن مینجمنٹ کمیٹی شکیل شیخ کا کہنا ہے کہ ہم وزیراعظم محمد نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے کرپٹ ترین ذکاء اشرف کو عہدے سے ہٹا دیا ہے۔

ذکاء اشرف نے تمام تعیناتیاں غلط کیں، پاکستان کرکٹ بورڈ کو تباہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عامر سہیل اور باسط علی کی تعیناتیاں غلط ہوئی ہیں۔ ان کی تعیناتیوں کو واپس لیا جائے گا جبکہ معین خان کا فیصلہ چیئرمین پی سی بی کریں گے۔ تمام فیصلے میرٹ پر کئے جائیں گے۔اس سے پہلے حکومت نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کو تحلیل کرنے کے بعد ذکا اشرف کو عہدے سے برطرف کرکے نجم سیٹھی کو چیئرمین پی سی بی بنا دیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق وزارت بین الصوبائی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو تحلیل کرکے ذکا اشرف کو بھی چیئرمین کے عہدے سے فارغ کردیا ہے جب کہ کرکٹ کے معاملات چلانے کےلئے 8 رکنی عبوری کمیٹی تشکیل دی جس میں شہریارخان، نجم سیٹھی، ظہیرعباس، نویداکرم، شکیل شیخ، اقبال قاسم، یوسف کھوکھر اور عامرطارق زمان شامل ہیں، عبوری کمیٹی نے ممبران سے تبادلہ خیال کے بعد سابق عبوری چیئرمین نجم سیٹھی کو ایک بار پھر چیرمین پی سی بی مقرر کردیا۔

دوسری جانب ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ حکومت نے آئین کی ایک شق میں تبدیلی کی ہے جب کوئی تحریری چیز سامنے آئے گی تو دیکھیں گے کیا کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان کرکٹ بحران کا شکار ہے حکومت کی جانب سے جو قدم اٹھایا گیا ہے وہ بڑا افسوس ناک ہے، آج پاکستان کرکٹ کی تاریخ کا سیاہ دن ہے۔واضح رہے کہ چوہدری ذکا اشرف نے 27 اکتوبر 2011 کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کا عہدہ سنبھالا تھا اور جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے جولائی 2013 انہیں چیئرمین پی سی بی کے عہدے سے برطرف کرنے کے احکامات جاری کئے تھے تاہم گزشتہ ماہ 15 جنوری کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ریاض احمد خان اور جسٹس نور الحق قریشی پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے انہیں دوبارہ عہدے پر بحال کردیا تھا جس کے خلاف حکومت نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تاہم بعد میں وہ درخواست واپس لے لی گئی۔