Live Updates

ڈرون حملوں کیخلاف تحریک انصاف کا دھرنا 80روز سے جاری،پیر کو پی کے ون پشاور کارکنان نے ہدایت آفریدی کی قیادت میں دھرنا دیا

پیر 10 فروری 2014 19:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 فروری ۔2014ء) تحریک انصاف کے زیر اہتمام ڈرون حملوں کیخلاف جاری دھرنے کے 80ویں روز تحریک انصاف پی کے ون پشاور کے کارکنان نے ہدایت اللہ آفریدی اور بابائے دھرنا میجر فیاض خلیل کی قیادت میں دھرنا دیا۔اس موقع پر اقلیتی رہنما ارنسٹ نہال اور اتحادی جماعتوں کے کارکنا ن بھی موجود تھے۔شرکاء نے ڈرون حملوں کیخلاف احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے حکومت ، طالبان مذاکرات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کے پہلے مرحلے میں ہونیوالی پیشرفت پر مطمئن ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ جلد مذاکرات کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو جائیں گے۔انھوں نے کہا کہ امریکی جنگ سے نکلے بغیر قیام امن مکمل طور پر ممکن نہیں۔

(جاری ہے)

امن کے قیام کیلئے مذاکرات کے علاوہ امریکی جنگ سے علیحدگی بھی ضروری ہے ۔

انھوں نے وزیرستان میں حکومتی کمیٹی اور طالبان کے درمیان ملاقات کیدوران ڈرون حملوں کی پروازوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ امریکہ سے دو ٹوک الفاظ میں کہہ دیا جائے کہ اگر مذاکرات پر حملہ ہوا تو اس کے بھیانک نتائج ہونگے اور خدشہ ہے کہ امن عمل شدید متاثر ہو۔انھوں نے کہا کہ وفاقی حکومت امریکہ پر واضح کر دے کہ اگر مذاکراتی عمل کیدوران ڈرون حملہ کیا گیا تو امریکہ سے تعلقات منقطع کر دئے جائیں گے ۔شرکاء نے مظاہرے اس موقع پر ڈرون حملوں کیخلاف احتجاج اور نعرے بازی بھی کی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات