ریسکیو 1122کے نئے بھرتی ہونے والے ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر تحریک التواء پنجاب اسمبلی میں جمع ،انسانی خدمت کے ادار سے وابستہ ملازمین کو تنخواہیں نہ دینا غیر انسانی اقدام ہے‘ رکن اسمبلی (ق) لیگ عامر سلطان چیمہ

پیر 10 فروری 2014 18:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 فروری ۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) پنجا ب کے اراکین صوبائی اسمبلی عامر سلطان چیمہ ،ڈاکٹر محمد افضل اور باسمہ ریاض چودھری نے ریسکیو 1122کے نئے بھرتی ہونے والے سینکڑوں ملازمین کو 4ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع کروا دی ہے اور کہا ہے کہ عوامی خدمت کا ادارہ حکومت کی عدم دلچسپی اور عدم توجہی کا شکار ہے۔

عامر سلطان چیمہ نے کہا کہ انسانیت کی خدمت کرنے والے ریسکیو 1122کے ملازمین کو تنخواہوں سے محروم رکھنا غیر انسانی اقدام ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ چودھری پرویز الٰہی کے دور کے عوامی خدمت کے منصوبوں کو یا تو بند کردیا گیا جو بند نہیں کیے جاسکے انہیں غیر موثر بنانے کی منفی کوششوں کا سلسلہ مسلسل چھٹے سال جاری ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب حکومت نئے بھرتی ہونے والے ملازمین کو تنخواہیں ادا نہ کرکے ثابت کر رہی ہے کہ اسے انسانی خدمت کے اس عظیم منصوبے سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔

اراکین اسمبلی نے کہا کہ یوں تو عوامی خدمت انجام دینے والا ہر فرد اہم ہے تاہم ریسکیو 1122کے اہلکار مسیحا ہیں پنجاب کے عوام کے دلوں میں ان کا خاص احترام ہے ایسے ملازمین کو معاشی طور پر مسائل سے دوچار کرنا ظلم ہے۔ انہوں نے تحریک میں مطالبہ کیا کہ ریسکیو 1122کے اہلکاروں کو بلاتاخیر تنخواہیں ادا کی جائیں اور عدم ادائیگی کے معاملہ کی تحقیقات کروائی جائے ۔ مسلم لیگ (ق) کے اراکین اسمبلی نے معاملہ اسمبلی اجلاس کے دوران اٹھانے کا فیصلہ بھی کیا ہے ۔