اہل سندھ اپنی ثقافت سے محبت کرنے والے لوگ ہیں، شرمیلا فاروقی

پیر 10 فروری 2014 16:22

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10فروری 2014ء) وزیر اعلیٰ سندھ کی معاون خصوصی برائے ثقافت اور ممبر صوبائی اسمبلی شرمیلا فاروقی نے کہا ہے کہ سندھ فیسٹیول بھرپور انداز میں مناکر اہل سندھ نے ثابت کردیا ہے کہ وہ ایک زندہ دل اور اپنی ثقافت سے محبت کرنے والی قوم ہے ۔فیسٹیول کی تقریبات میں عوام کی بھرپور شرکت اس کی کامیابی کی دلیل ہے ۔ سیاسی مخالفین اس پر تنقید کرنے کے بجائے سندھ کی ثقافت کو فروغ دینے کے لئے ہمارا ساتھ دیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے رہنماؤں کی جانب سے سندھ فیسٹیول پر تنقید پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا ۔ شرمیلا فاروقی نے کہا کہ سندھ فیسٹیول کے نام پر سندھی ثقافت کو مسخ کئے جانے کا الزام سراسر بے بنیاد اور ناقابل فہم ہے کیونکہ فیسٹیول کے تمام پروگرامات میں سندھ کی ثقافت کو بھرپور طریقے سے پیش کیا گیا اور ان تقریبات میں حصہ لینے والے تمام لوک فنکاروں اور گلوکاروں نے بھرپور انداز میں سندھ کی ثقافت کو اجاگر کیا ۔شرمیلا فاروقی نے سیاسی رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ حکومت کے کسی اچھے اقدام پر تنقید برائے تنقید کے بجائے حکومت کا ساتھ دیں ان کی جانب سے کی جانے والی مثبت تنقید کی قدرکی جائے گی اور ان سے رہنمائی حاصل کی جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :