پنجاب حکومت نے شوکت خانم سمیت لاہور ڈویژن کے 29ہسپتالوں کو 6کروڑ 27لاکھ روپے کے چیک جاری کردیئے

پیر 10 فروری 2014 16:22

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10فروری 2014ء) محکمہ زکوة و عشر پنجاب نے لاہور ڈویژن کے صوبائی ، ضلعی و تحصیل سطح کے ہسپتالوں کو ضرورت مندوں اور مستحقین کے مفت علاج معالجہ اور ادویات کی فراہمی کے لیے 6کروڑ 27لاکھ 57ہزار روپے کی دوسری ششماہی قسط جاری کردی ہے اور تمام متعلقہ ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ صاحبان میں امدادی رقوم کے چیک تقسیم کردئیے ہیں، لاہور ڈویژن کے 12ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹس میں زیرتعلیم طلبا و طالبات کو وطائف کی مد میں 3کروڑ 37لاکھ روپے کے چیکوں کا اجراء بھی کردیا گیا ہے۔

اس سلسلہ میں سوموار کے روز صوبائی وزیر زکوة و عشر ملک ندیم کامران کی صدارت میں ایگری کلچر ہاؤس ڈیوس روڈ لاہور پرایک تقریب منعقد ہوئی جس میں لاہور ڈویژن کے تمام متعلقہ ہسپتالوں کے ایم ایس صاحبان میں چیک تقسیم کئے گئے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر خزانہ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان، مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے خواجہ سلمان رفیق ،رکن قومی اسمبلی مہر اشتیاق احمد، اراکین صوبائی اسمبلی خواجہ عمران نذیر اورچوہدری شہبازبھی اس موقع پر موجود تھے۔

ملک ندیم کامران نے کہا کہ حکومت نادار اور مستحق مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے اور صوبہ کے تمام صوبائی ، ضلعی وتحصیل سطح کے ہسپتالوں کو امدادی رقوم دے رہی ہے تاکہ مستحقین کو علاج معالجہ ا ور ادویات کے حصول میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ لاہور ڈویژن کے صوبائی سطح کے 15ہسپتالوں سرگنگارام ہسپتال کو 17لاکھ50ہزار، جنرل ہسپتال 30لاکھ، گلاب دیوی 50لاکھ، پی آئی سی90لاکھ، انمول ہسپتال 45لاکھ، جناح ہسپتال 30لاکھ، لیڈی ایچیسن 12لاکھ50ہزاراور فاطمہ میموریل کو 25لاکھ روپے کے چیک دیئے گئے-میوہسپتال کو ایک کروڑ15لاکھ، شوکت خانم60لاکھ، سروسز ہسپتال 30لاکھ، شیخ زیدہسپتال32لاکھ50ہزار، فاؤنٹین ہاؤس 15لاکھ، چلڈرن ہسپتال 7لاکھ50ہزاراور لیڈی ولنگٹن کو11لاکھ50ہزار کے چیک دیئے گئے اور ضلعی و تحصیل سطح کے 14ہسپتالوں کو 56لاکھ 7ہزار 194روپے کی امدادی رقوم کے چیک جاری کئے گئے ہیں اور اس طرح لاہور ڈویژن کے ہسپتالوں کو مجموعی طور پر 6کروڑ 27لاکھ 57ہزار 194روپے کی رقوم کے چیک دئیے گئے ہیں۔

صوبائی وزیر نے بتایا کہ لاہور ڈویژن کے ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس میں زیر تعلیم مستحق طلباء و طالبات کو وظائف کی فراہمی کے لیے دوسری ششماہی قسط کے لیے شیخوپورہ ، قصور اور ننکانہ صاحب کے 12ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس کے لیے متعلقہ ضلعی زکوة کمیٹیوں کو 3کروڑ 37لاکھ روپے کے چیک بھی تقسیم کئے ۔ ملک ندیم کامران نے کہا کہ محکمہ زکوة و عشر کے نئے وضع کردہ نظام کے تحت زکوة و عطیات دینے والوں کے لیے پراونشل اکاؤنٹ نمبر03پراونشل زکوة فنڈ پنجاب سٹیٹ بنک آف پاکستان لاہور میں کھول دیا گیاہے۔ جہاں نہ صرف مخیر حضرات اپنے عطیات جمع کرواسکتے ہیں بلکہ اپنی دی گئی زکوة و عطیات کی تقسیم کا ریکارڈ اور شفافیت کسی بھی وقت چیک کرسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :